اسلام آباد کچہری کے باہر خودکش دھماکا، 12 افراد شہید، 27 زخمی

  • اسلام آباد(ویب ڈیسک) منگل کی دوپہر اسلام آباد کچہری کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے میں کم از کم 12 افراد شہید اور 27 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دھماکا دوپہر 12 بج کر 39 منٹ پر اس وقت ہوا جب ایک مبینہ خودکش حملہ آور نے کچہری کے گیٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے فوراً بعد ایک گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی جس کی لپیٹ میں قریبی کاریں اور موٹر سائیکلیں بھی آگئیں۔ دھماکے کے وقت موقع پر 35 سے 40 افراد موجود تھے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق حملہ آور پیدل کچہری کے باہر پہنچا اور کچھ دیر گیٹ کے قریب بیٹھا رہا۔ سکیورٹی چیکنگ سخت ہونے کے باعث وہ اندر داخل نہ ہوسکا اور اس نے سڑک پر ہی خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

    ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ وفاقی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے 11 شہدا کی لاشیں پمز منتقل کی گئیں جبکہ زخمیوں کی منتقلی کا سلسلہ جاری ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ مبینہ خودکش حملہ آور کا سر جائے وقوعہ کے قریب سے برآمد ہوا ہے، جسے فرانزک تجزیے کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی اور چیف کمشنر نے دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا اور جاری تحقیقات پر بریفنگ لی۔ سکیورٹی اداروں نے علاقے کو سیل کر کے شواہد جمع کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے۔

    وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی جائے وقوعہ پہنچے جہاں انہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے بتایا کہ حملہ آور کچہری کے اندر جانے کا منصوبہ رکھتا تھا مگر کامیاب نہ ہوسکا اور پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ ان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں