فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے دوسرے پارلیمانی سال کے 84 اجلاسوں میں ارکان کی شرکت کے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ مسلم لیگ ن کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم نواز شریف صرف ایک اجلاس میں شریک ہوئے، وزیر اعظم شہباز شریف 6 اجلاسوں میں اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان 8 اجلاسوں میں موجود رہے۔ قومی اسمبلی کے 11 ارکان کی حاضری سنگل ڈیجٹ میں رہی جبکہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سمیت 5 ارکان نے ایک بھی اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ کم حاضری والے ارکان میں پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے منتخب ارکان شامل ہیں، جن میں ایک خاتون رکن بھی شامل ہے۔