راولپنڈی (ویب ڈیسک): پنجاب بھر میں ایمرجنسی نافذ کیے جانے کے بعد راولپنڈی کے بڑے سرکاری و الائیڈ ہسپتالوں کو مکمل ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے اور فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے جامع ہنگامی منصوبے فعال کر دیے گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اکرام اللہ نیازی کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی محکمہ صحت کی ہدایات پر تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے سے فعال ٹراما یونٹ کے ساتھ ایک اضافی بیک اپ ٹراما ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے تاکہ 30 منٹ کے اندر رسپانس یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں 40 بستروں کو خالی رکھا گیا ہے، ضروری ادویات کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور اضافی سپلائی کا بندوبست بھی کر لیا گیا ہے۔ بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لیے جنریٹر سمیت بیک اپ سسٹم فعال ہے جبکہ آن کال سسٹم بھی نافذ کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب بے نظیر بھٹو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شرجیل شیخ نے بتایا کہ 50 بستروں پر مشتمل ہنگامی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ اس وقت میڈیکل ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ 24 بستروں کے ساتھ کام کر رہا ہے جبکہ خصوصی ہنگامی نمبرز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
اسی طرح ہولی فیملی ہسپتال نے بھی اپنا ایمرجنسی پلان نافذ کر دیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق وارڈز، آپریشن تھیٹرز، بلڈ بینک اور ٹراما سینٹرز کو مکمل الرٹ پر رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی صورتحال میں فوری طبی سہولت فراہم کی جا سکے۔
حکام کے مطابق راولپنڈی کی تینوں بڑی طبی سہولیات باہمی رابطے اور ہم آہنگی کے تحت صوبائی سطح پر جاری ہنگامی انتظامات کا حصہ ہیں اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔