درخت اگاؤ-گرمی بھگاؤ: شکارپور میں سرسو کے زیر انتظام آگاہی مہم

شکارپور(انڈس ٹربیون) عالمی یومِ ماحولیات 2026 کے موقع پر سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (ایس آر ایس او) کے زیر انتظام شکارپور ضلع کے 10 کمیونٹی کلسٹر اسکولوں میں ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لیے خصوصی تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔

یہ سرگرمیاں گڑھی صاحب خان، ہاشم پہوڑ، گل حسن منگی، قبالو، اورنگ آباد سمیت دیگر اسکولوں میں منعقد کی گئیں، جہاں اساتذہ، غیر تدریسی عملے اور طلبہ نے مل کر آگاہی ریلیاں نکالیں۔ ریلیاں اسکولوں سے شروع ہو کر مقامی آبادیوں تک پہنچیں، جن کا مقصد عوام میں شجرکاری، صفائی اور ماحول دوست طرزِ زندگی کے بارے میں شعور اجاگر کرنا تھا۔

اس موقع پر ایس آر ایس او کلسٹر اسکولز کے اسسٹنٹ منیجر یاسر کلہوڑو نے کہا کہ سی ای او ایس آر ایس او محمد ڈتل کلہوڑو اور سینئر منیجر نعمت اللہ شیخ کی ہدایات کے مطابق ادارہ بنیادی سطح پر ماحولیاتی شعور بیدار کرنے اور کمیونٹی کو ماحول دوست سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور ہیٹ ویوز کے خطرات کے بارے میں طلبہ اور مقامی افراد کو نعروں اور تقاریر کے ذریعے آگاہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک درخت لگانا بھی آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی جانب اہم قدم ہے۔

تقریبات کے دوران 10 اسکولوں میں مجموعی طور پر 100 سے زائد پودے اور درخت لگائے گئے، جس کے ذریعے ماحولیاتی شعور کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا گیا۔

عالمی یومِ ماحولیات کے حوالے سے منعقدہ ان سرگرمیوں نے ماحول کے تحفظ، شجرکاری کے فروغ اور طلبہ میں ذمہ داری کے احساس کو اجاگر کیا، جبکہ ایس آر ایس او کی ماحول دوست معاشرے کی تشکیل کے عزم کو بھی نمایاں کیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں