بلاول بھٹو کا محسن نقوی کو چیلنج، نظام کی ناکامی پر پارلیمنٹ میں بحث کا مطالبہ

لندن: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ پاکستان کے سیاسی اور حکمرانی کے نظام کو ’’مکمل طور پر ناکام‘‘ سمجھتے ہیں تو اس معاملے کو پارلیمنٹ میں لے کر آئیں۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کے نظام کی خامیوں اور ناکامیوں پر بحث کے لیے مناسب فورم کاروباری اجلاس نہیں بلکہ پاکستان کی پارلیمنٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی قسمت چند کاروباری افراد کے ہاتھوں میں نہیں چھوڑی جا سکتی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے محسن نقوی کی قومی اسمبلی میں حاضری پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ اسمبلی کے اجلاسوں میں کم ہی نظر آتے ہیں، اس لیے انہیں کاروباری فورمز کے بجائے پارلیمنٹ میں آکر اس معاملے پر بات کرنی چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ خود بھی کسی وفاقی وزیر یا حکومتی نمائندے کے ساتھ پارلیمنٹ کے فلور پر اس معاملے پر بحث کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو درپیش سیاسی اور حکمرانی کے مسائل پر سنجیدہ بحث پارلیمانی فورم پر ہونی چاہیے تاکہ نظام کی خامیوں اور ان کے ممکنہ حل کا جائزہ لیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں