102

انڈیا کے حملوں میں 11 فوجی اہلکار اور 15 بچوں سمیت 40 شہری جاں بحق ہوئے، معاوضے کا اعلان

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ گذشتہ ہفتے انڈیا کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں کے دوران پاکستان آرمی اور پاک فضائیہ کے 11 اہلکار جاں بحق ہوئے۔ جبکہ 15 بچوں سمیت 40 عام شہری بھی انڈین فوج کے حملوں میں مارے گئے۔

پاکستانی فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کی جانب سے منگل کے روز جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈیا کے ساتھ لڑائی کے دوران پاکستان آرمی کے چھ اور پاکستان ایئر فورس کے ایک سکوڈرن لیڈر سمیت پانچ اہلکار جاں بحق ہوئے۔

جھڑپوں کے دوران جاں بحق ہونے والے پاکستان آرمی کے اہلکاروں میں نائیک عبدالرحمٰن خان، لانس نائیک دلاور خان، لانس نائیک اکرام اللہ، نائیک وقار خالد، سپاہی محمد عدیل اکبر اور سپاہی نثار شامل ہیں ۔

جبکہ انڈین فوج کے حملوں میں جاں بحق ہونے والے پاکستان فضائیہ کے اہلکاروں میں سکوڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب، سینیئر ٹیکنیشن نجیب، کارپورل ٹیکنیشن فاروق، سینیئر ٹینکیشن مبشر شامل ہیں ۔

پاکستانی فوج کے ترجمان کے مطابق انڈیا کی جانب سے چھ اور سات مئی کے درمیانی شب کو کیے جانے والے حملے میں سات خواتین اور 15 بچوں سمیت 40 افراد ہلاک اور 121 زخمی ہوئے تھے۔ زخمیوں میں 10 خواتین اور 27 بچے شامل ہیں۔

یاد رہے کہ چار روز تک جاری رہنے والی لڑائی کے بعد سنیچر کے روز امریکی ثالثی پر انڈیا اور پاکستان نے جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔

انڈین حملوں میں متاثر اہلِ خانہ کے لیے معاوضے کا اعلان

پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے انڈین حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔

وزیرِ اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق، ان حملوں میں جاں بحق ہونے والے شہریوں کے ورثا کو 1 کروڑ روپے جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ روپے سے 20 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مارے جانے والے پاکستانی افواج کے اہلکاروں کے رینک کے حساب سے ان کے ورثا کو ایک کروڑ روپے سے 1.8 کروڑ روپے کی رقم دی جائے گی جبکہ فوجی اہلکاروں کے ورثا کو گھر کی سہولت کے لیے رینک کے حساب سے 1.9 کروڑ روپے سے 4.2 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔

ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق فوجی اہلکاروں کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک ان کی مکمل تنخواہ بمعہ الاونسز جاری رہیں گی اور ان کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی۔

بیان کے مطابق جنگ میں جاں بحق ہونے والے ہر فوجی اہلکار کی ایک بیٹی کی شادی کے لیے 10 لاکھ روپے کی میرج گرانٹ بھی دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں