162

فیلڈ مارشل جنرل حافظ عاصم منیر کو ‘بیٹن آف فیلڈ مارشل’ سے نوازا گیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں شہباز شریف نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نوازا۔

جمعرات کے روز ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، سابق وزیراعظم نواز شریف، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے شرکت کی۔

جبکہ وفاقی کابینہ کے ارکان، سروسز چیفس، صوبائی گورنرز، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور ارکان پارلیمنٹ کی بڑی تعداد، غیر ملکی سفارتکار، سول وعسکری حکام بھی تقریب میں موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ک پوری قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے، سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز قابل فخر لمحہ ہے، فیلڈ مارشل کا اعزاز دینے کی منظوری پر مجھے بہت مسرت ہوئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا کہ کشیدہ صورتحال کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا جذبہ اور عزم مثالی تھا، وطن عزیز کے لیے فیلڈ مارشل کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ منگل کے روز وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں بری فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد بطور پاکستان ایئرفورس کے سربراہ اپنی خدمات جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔

منگل کے روز وزیر اعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’حکومت پاکستان کی جانب سے معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص کی اعلیٰ حکمتِ عملی اور دلیرانہ قیادت کی بنیاد پر ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے اور دشمن کو شِکست دینے پر جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی گئی ہے۔‘

اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ نے قرار دیا کہ ’چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے مثالی جرات اور عزم کے ساتھ پاکستان فوج کی قیادت کی اور مسلح افواج کی جنگی حکمتِ عملی اور کاوشوں کو بھرپور طریقے سے ہم آہنگ کیا۔ اور آرمی چیف کی بے مثال قیادت کی بدولت پاکستان کو معرکہ حق میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی۔‘

یاد رہے کہ 1947 میں قیام پاکستان کے بعد پاکستان کے 17 آرمی چیفز رہے ہیں۔ جنرل ایوب خان کے بعد جنرل عاصم منیر دوسرے آرمی چیف ہیں جو فیلڈ مارشل کے عہدے تک پہنچے ہیں۔ اس سے قبل 1951 میں ایوب خان آرمی چیف بنے اور 1958 میں فوجی بغاوت کے ذریعے اقتدار پر قبضہ کیا۔ ایک سال بعد، انہوں نے خود کو فیلڈ مارشل بنا دیا اور جنرل موسیٰ خان کو نیا آرمی چیف مقرر کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں