گڑھی خدا بخش (انڈس ٹربیون) پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق چیئرپرسن بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر گڑھی خدا بخش میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے شام کے وقت جلسے کا انعقاد کیا جائے گا۔
بینظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کے بعد اس وقت قتل کیا گیا تھا، جب وہ قافلے کے ساتھ واپس جاتے ہوئے اپنی گاڑی کی سن روف سے کھڑے ہو کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دے رہی تھیں۔
پیپلز پارٹی کے مطابق آج ہونے والے جلسے سے صدرِ مملکت آصف علی زرداری، پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز کے علاوہ مختلف صوبوں کے گورنرز، وفاقی و صوبائی وزراء اور پارٹی کے سینئر رہنما خطاب کریں گے۔
برسی کی تقریبات میں شرکت کے لیے ملک بھر سے پیپلز پارٹی کے کارکنان اور حامیوں کے قافلے گڑھی خدا بخش کی جانب روانہ ہیں، جب کہ مقامی انتظامیہ کے مطابق شرکاء کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے۔
سیکیورٹی کے حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سکھر اور لاڑکانہ کی اہم شاہراہوں پر معمول کے مطابق حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مختلف مقامات پر پولیس اہلکار تعینات ہیں اور شاہراہوں پر گشت بھی جاری ہے۔