حیدرآباد (ویب ڈیسک) حیدرآباد میں شادی کے گھر میں بجلی کی 11 ہزار وولٹیج تار سے کرنٹ لگنے کے باعث تین کسمن بچے جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ سب ڈویژن پھلیلی کے علاقے ٹنڈو طیب میں پیش آیا، جہاں شادی کی تقریب میں آئے مہمان گھر کی چھت پر سوئے ہوئے تھے کہ 11 ہزار وولٹ کی تار سے کرنٹ لگ گیا۔
جاں بحق ہونے والوں میں 14 سالہ عبدالرحمٰن ولد کامران، 10 سالہ فرحان ولد فیروز اور 12 سالہ نوید ولد فیروز شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق تینوں بچے شہدادپور سے شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے جبکہ جاں بحق بچوں میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں۔
واقعے کے بعد بچوں کی لاشیں چھت سے نیچے اتار لی گئیں، جبکہ شادی والا گھر ماتم کدہ بن گیا۔ اطلاع گھر پہنچنے پر اہل خانہ میں کہرام مچ گیا اور علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔