دادو(انڈس ٹربیون) ضلع دادو کی یونین کونسل سیال کے گاؤں غلام حیدر برڑو میں بچوں میں پراسرار بیماری پھیلنے سے بہن بھائی جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک بچی سمیت تقریباً دس بچوں کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق شمن برڑو کے دو بچے، منسا بتول اور عبدالرحمان پراسرار بیماری کے باعث جاں بحق ہوگئے، جبکہ سردہ بتول سمیت کئی دیگر بچے بھی اس بیماری سے متاثر ہوئے ہیں۔
گاؤں والوں کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچوں کو اچانک تیز بخار ہوتا ہے، جس کے بعد ان کے جسم کا نچلا حصہ کام کرنا چھوڑ دیتا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں تشویش پائی جاتی ہے۔ مقامی افراد نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گاؤں میں فوری طور پر طبی ٹیمیں بھیجی جائیں، بیماری کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تشخیصی اقدامات کیے جائیں اور متاثرہ بچوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔
تاحال بیماری کی نوعیت اور بچوں کی اموات کی وجوہات کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔