سکھر(انڈس ٹربیون) روہڑی موٹروے انٹرچینج کے قریب مائع کاربن ڈائی آکسائیڈ سے بھرے ٹینکر میں دھماکے کے نتیجے میں ڈرائیور اور کلینر سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ چار زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد ٹینکر بے قابو ہو کر آس پاس موجود دیگر ٹرالرز اور گاڑیوں سے ٹکرا گیا، جس سے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق بدھ کی دوپہر تقریباً ایک بجے ٹینکر کے سیفٹی والو میں لیکیج کے باعث حادثہ پیش آیا۔ دھماکے کے نتیجے میں ٹینکر کا ڈرائیور عدنان اور کلینر صفدر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ زخمی فدا حسین اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے ڈرائیور عدنان اور کلینر صفدر کا تعلق خوشاب سے تھا۔ متوفین کی شناخت بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے کی گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت ٹریفک جام تھی اور سڑک پر گیس سے بھرا ایک ٹینکر بھی کھڑا تھا۔ دھماکے کی شدت سے گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔ ایک عینی شاہد محمود نے بتایا کہ وہ دوسرے ٹرالر میں سوار تھے کہ ان کا ٹرالر آگے موجود ٹینکر سے جا ٹکرایا۔ ان کے بقول دھماکے کے بعد پورے علاقے میں اندھیرا چھا گیا اور انہوں نے ٹرالر سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی۔
عینی شاہد نے بتایا کہ دھماکے کے باعث ٹینکر کے ڈرائیور اور کلینر کی لاشیں دور جا گریں، جبکہ مزدا اور دوسرے ٹرالر کے ڈرائیور شدید زخمی ہوئے، جنہیں بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
حادثے میں دو ٹینکروں، تین ٹرالرز اور ایک مزدا کو نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
چیئرمین ضلع کونسل سید کمیل حیدر شاہ، ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان اور ایس ایس پی احمد فیصل چوہدری نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
چیئرمین ضلع کونسل سید کمیل حیدر شاہ نے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان کے مطابق دھماکے کے بعد جائے وقوعہ سے ٹریفک کی روانی بحال کرا دی گئی ہے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھڑے ٹینکر میں دھماکے کی وجوہات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق واقعے کی تحقیقات پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) بھی کر رہے ہیں۔