عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمانے دوسری شادی کرلی

لندن: عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے کاروباری شخصیت کیمرون او ریلی سے دوسری شادی کرلی

سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ اور برطانوی فلم پروڈیوسر جمائما گولڈ اسمتھ نے کاروباری شخصیت کیمرون او ریلی سے دوسری شادی کرلی۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق 52 سالہ جمائما گولڈ اسمتھ نے گزشتہ ہفتے کے اختتام پر 62 سالہ کیمرون او ریلی سے شادی کی۔ دونوں کے درمیان گزشتہ ایک سال سے رومانوی تعلقات قائم تھے اور رواں سال مئی میں ان کی منگنی کی خبر سامنے آئی تھی۔

آئرش نژاد آسٹریلوی شہری کیمرون او ریلی مرحوم میڈیا ٹائیکون اور عالمی رگبی اسٹار سر اینتھونی او ریلی کے صاحبزادے ہیں۔ انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے ابتدائی دور میں اپنے والد کے کاروبار میں خدمات انجام دیں۔

کیمرون او ریلی نے انڈیپنڈنٹ نیوز اینڈ میڈیا سمیت آسٹریلیا کے اشاعتی ادارے اے پی این نیوز اینڈ میڈیا میں بھی اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔ وہ 2000 میں اے پی این نیوز اینڈ میڈیا کے چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے الگ ہوئے، جس کے بعد انہوں نے نجی سرمایہ کاری کے شعبے میں قدم رکھا۔

2003 میں انہوں نے نجی سرمایہ کاری فنڈ بیارڈ کیپیٹل قائم کیا اور سوئٹزرلینڈ کی میٹرنگ کمپنی لینڈس اینڈ گائر کے حصول میں کردار ادا کیا۔ بعد ازاں جاپانی کمپنی توشیبا نے 2011 میں لینڈس اینڈ گائر کو تقریباً 2.3 ارب ڈالر میں خرید لیا۔

رپورٹ کے مطابق جمائما اور کیمرون او ریلی کی ملاقات اس وقت ہوئی جب کیمرون متعدد دستاویزی فلموں اور فلموں میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر کام کر رہے تھے۔ دونوں کی ابتدائی دوستی وقت کے ساتھ محبت میں تبدیل ہوئی۔

جمائما کی ایک قریبی دوست کے مطابق دونوں ایک دوسرے کو طویل عرصے سے جانتے تھے اور ان کی ملاقات کام کے سلسلے میں ہوئی تھی۔ رومانوی تعلق قائم ہونے سے قبل بھی دونوں کچھ عرصے تک دوست رہے۔

جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ نے بھی دونوں کی شادی کی تصدیق کی ہے۔

جمائما گولڈ اسمتھ نے 1995 میں سابق پاکستانی وزیراعظم اور کرکٹ کپتان عمران خان سے شادی کی تھی۔ دونوں کی ازدواجی زندگی تقریباً نو سال جاری رہی، جس کے بعد 2004 میں ان کی علیحدگی ہوگئی۔

جمائما اور عمران خان کے دو بیٹے، سلیمان اور قاسم، ہیں۔ طلاق کے بعد بھی جمائما کے عمران خان سے تعلقات اور دونوں کے بچوں سے متعلق معاملات وقتاً فوقتاً عالمی میڈیا میں زیر بحث رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں