خیرپور (انڈس ٹربیون) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور اور مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شہید ذوالفقار علی بھٹو کیمپس خیرپور میرس نے ریاضی اور مصنوعی ذہانت کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس 2027 مشترکہ طور پر منعقد کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں۔
اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں شاہ عبداللطیف یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر یوسف خشک نے خصوصی شرکت کی۔
مفاہمتی یادداشت پر مہران یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خانجی ہریجن اور شاہ عبداللطیف یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر واحد بخش جتوئی نے دستخط کیے، جبکہ دونوں جامعات کے فوکل پرسنز پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد میمن اور پروفیسر ڈاکٹر حسام الدین شیخ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
معاہدے کے تحت مہران یونیورسٹی کا شہید ذوالفقار علی بھٹو کیمپس کانفرنس کی میزبانی اور مرکزی انتظامی ذمہ داریاں سنبھالے گا، جبکہ شاہ عبداللطیف یونیورسٹی کانفرنس میں شراکت دار ادارے کے طور پر تعاون کرے گی۔ معاہدہ غیر خصوصی نوعیت کا ہے اور اس کے تحت شاہ عبداللطیف یونیورسٹی پر کوئی خودکار مالی ذمہ داری عائد نہیں ہوگی۔
کانفرنس 22 سے 24 فروری 2027 تک
ریاضی اور مصنوعی ذہانت کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس (ICMAI 2027) آئندہ سال 22 سے 24 فروری تک مہران یونیورسٹی کے شہید ذوالفقار علی بھٹو کیمپس خیرپور میرس میں ہائبرڈ نظام کے تحت منعقد ہوگی، جس میں آن لائن اور بالمشافہ شرکت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
کانفرنس کی سرپرستی مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی بطور سرپرست اعلیٰ کریں گے، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر خانجی ہریجن سرپرست اور شاہ عبداللطیف یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر یوسف خشک شریک سرپرست ہوں گے۔
پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد میمن کو کانفرنس کا چیف آرگنائزر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر حسام الدین شیخ کانفرنس کے شریک سیکریٹری، ڈاکٹر نیک محمد کٹبار سیکریٹری، ڈاکٹر عبدالقئیوم میمن شریک سیکریٹری اور مسعود علی شاہانی کوآرڈینیٹر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
امریکا، چین، ملائیشیا سمیت مختلف ممالک کے ماہرین کی شرکت متوقع
کانفرنس میں امریکا، ملائیشیا، چین، سعودی عرب، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات سے بین الاقوامی ماہرین اور کلیدی مقررین کی شرکت متوقع ہے، جبکہ ملک بھر کے محققین اور ماہرین تعلیم بھی اپنے تحقیقی مقالے پیش کریں گے۔
کانفرنس میں ریاضیاتی ماڈلنگ، کمپیوٹیشنل طریقہ کار، مشین لرننگ، ڈیٹا سائنس، بگ ڈیٹا اینالیٹکس، آپریشنز ریسرچ، نیچرل لینگویج پروسیسنگ، روبوٹکس اور ذہین نظاموں سمیت جدید سائنسی موضوعات پر تحقیق اور تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس اشتراک کا مقصد دونوں جامعات کی علمی مہارت، تحقیقی صلاحیتوں اور بین الاقوامی روابط کو یکجا کرتے ہوئے طلبہ اور اساتذہ کے لیے مشترکہ تحقیقی منصوبوں، تحقیقی اشاعتوں اور ہائبرڈ تعلیمی سرگرمیوں کے مواقع پیدا کرنا ہے، تاکہ نظریاتی ریاضی اور مصنوعی ذہانت کے عملی استعمال کے درمیان روابط کو فروغ دیا جا سکے۔
کانفرنس کے لیے خلاصہ مقالہ جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2026 مقرر کی گئی تھی، جبکہ مقالوں کی منظوری سے متعلق اطلاعات 31 اکتوبر تک جاری کی جائیں گی۔ مکمل تحقیقی مقالے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر اور ابتدائی رجسٹریشن کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2026 ہے۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر فرمان منگی، پروفیسر اعجاز شیخ، ڈاکٹر زاہد سہتو، ڈاکٹر صاحب اوڈ، ڈاکٹر اسرار میمن، عرفان میمن، ڈاکٹر علی رضا لاشاری، ڈاکٹر زبیدہ بھٹی، درشن لال سمیت دونوں جامعات کے دیگر اساتذہ اور نمائندوں نے شرکت کی۔
دونوں شعبوں کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ ریاضی کی بنیادی مہارتوں اور جدید مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں کو یکجا کرنا مقامی اور عالمی مسائل کے حل کے لیے ڈیٹا پر مبنی تحقیقی اقدامات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔