سی ٹی ڈی اور حساس ادارے کی کارروائی، کالعدم سندھودیش آرمی کے دو مبینہ دہشت گرد مواد سمیت گرفتار

کراچی (دی انڈس ٹربیون) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کراچی نے وفاقی حساس ادارے کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سندھودیش لبریشن آرمی (ایس ایل اے) سے مبینہ تعلق رکھنے والے دو افراد کو گرفتار کرکے تیار شدہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) اور ایک دستی بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت مدد علی عرف علی ولد علی اکبر اور جنید علی عباسی ولد امان اللہ عباسی کے نام سے ہوئی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد مبینہ طور پر کالعدم تنظیم ایس ایل اے کے کمانڈر دریا خان سے مسلسل رابطے میں تھے اور سندھ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ انہیں کالعدم تنظیم کی جانب سے عسکری تربیت دی گئی اور آئی ای ڈی سمیت دستی بم فراہم کیا گیا۔ ترجمان کے دعوے کے مطابق دونوں ملزمان کمانڈر دریا خان کی ہدایت پر کراچی پہنچے تھے، جہاں انہوں نے پولیس اور رینجرز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اہم تنصیبات اور دفاتر کی مبینہ ریکی بھی مکمل کر رکھی تھی۔

کارروائی کے دوران ایک تیار شدہ آئی ای ڈی اور ایک ہینڈ گرنیڈ برآمد کیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی نے گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی آپریشنز کراچی میں دھماکہ خیز مواد رکھنے اور انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات نمبر 110/2026 اور 111/2026 درج کرلیے ہیں۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ان کے انکشافات کی روشنی میں دیگر مبینہ ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں