لاڑکانہ (دی انڈس ٹربیون) قومی عوامی تحریک کے زیر اہتمام لاڑکانہ کے جناح باغ چوک پر منعقدہ ’’محبت سندھ جلسہ عام‘‘ سے قبل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جلسے کے لیے لایا گیا سامان ضبط کر لیا، جبکہ 50 سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندی کرتے ہوئے ضلع کے مختلف علاقوں سے آنے والے قافلوں کو بھی روک دیا، تاہم قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو، قومی عوامی تحریک اور سندھیانی تحریک کے کارکن پولیس کی رکاوٹیں توڑ کر جلسہ گاہ پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔
باقرانی ٹاور سے ایاز لطیف پلیجو کی قیادت میں نکالی گئی محبت سندھ ریلی میں ہزاروں افراد اور سینکڑوں خواتین نے شرکت کی۔ ریلی میں سندھ کی تقسیم کی سازشوں، ساحلی پٹی وفاق کے حوالے کرنے کی مبینہ کوششوں، جلالپور کینال سمیت متنازع نہروں، کارپوریٹ فارمنگ، فصلوں کی قیمتوں میں کمی، منشیات، میرٹ کی پامالی اور کرپشن کے خلاف نعرے لگائے گئے۔
لاڑکانہ پہنچنے پر شہریوں، تاجروں اور سیاسی و سماجی شخصیات نے ایاز لطیف پلیجو کا پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے استقبال کیا اور انہیں اجرکیں اور لنگیاں پہنائیں۔
جناح باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ سندھ کی وحدت اور تحفظ کا معاملہ ہمارے لیے زندگی اور موت کا سوال ہے۔ قومی عوامی تحریک کے 50 سے زائد کارکن گرفتار کیے گئے، گاڑیاں روکی گئیں، پارٹی کے جھنڈے اور جلسے کا سامان لے جایا گیا اور اسٹیج کو بھی توڑا گیا، لیکن ان تمام اقدامات کے باوجود ہماری جدوجہد نہیں رکے گی۔
انہوں نے کہا کہ قومی عوامی تحریک کے کارکن اپنی زمینوں، جاگیروں یا ذاتی مفادات کے لیے نہیں بلکہ سندھ کے حقوق کے لیے نکلے ہیں۔ سندھ پولیس اور انتظامیہ کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیس چنيسر والا کردار ادا نہ کرے، سندھ دشمن قوتوں سے وفاداری سندھ سے غداری تصور ہوگی۔
ایاز لطیف پلیجو نے گرفتار کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پرامن سیاسی اور جمہوری جدوجہد کرنے والے کارکنوں کو روکنا، راستوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنا اور گرفتاریاں کرکے سیاسی آواز دبانے کی کوشش انتہائی قابل مذمت ہے۔ انہوں نے گرفتار کارکنوں میں منور جتوئی، جمیل لار، مقصود سومرو، اے کے بروہی، یاسر جکھرو، اکبر خاصخیلی، ظفر چنو، حسنین خاصخیلی، نادر بڑڑو، محبت سمیجو، کاکا بروہی اور اسلم کھوہاور سمیت دیگر کے نام بھی بتائے۔
قومی عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ سندھ ہزاروں سال کی تاریخ، تہذیب، زبان اور الگ قومی شناخت رکھنے والی سرزمین ہے۔ کسی سیاسی جماعت، وفاقی اتحاد یا حکمران جماعت کو سندھ کی تقسیم کا اختیار حاصل نہیں۔ سندھ کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی کسی بھی کوشش کی مزاحمت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے نام پر سندھ کو تقسیم کرنے، ریفرنڈم کرانے اور سندھ کی ساحلی پٹی وفاق کے حوالے کرنے کے منصوبے سندھ کے قومی وجود، خودمختاری اور عوامی حقوق پر حملہ ہیں۔ سندھ کی تاریخی وحدت، جغرافیائی سرحدوں، زمینوں، وسائل، جزائر اور ساحلی پٹی پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔
ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ سندھ کی ساحلی پٹی، بندرگاہوں، جزائر اور سمندری وسائل پر سندھ کے عوام کا تاریخی اور آئینی حق ہے۔ ساحلی علاقوں سے لاکھوں افراد کا روزگار، ماہی گیری، تجارت، ماحولیات اور معیشت وابستہ ہے، اس لیے ان وسائل سے متعلق کوئی بھی غیر شفاف فیصلہ قبول نہیں کیا جائے گا۔
متنازع نہروں کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ سندھ کی زندگی، زراعت، معیشت اور ماحولیات کی بنیاد ہے۔ سندھ پہلے ہی پانی کی قلت، سمندری چڑھاؤ، زمینوں کے بنجر ہونے اور صاف پانی کی کمی جیسے مسائل کا سامنا کر رہا ہے۔ دریائے سندھ پر نئے اور متنازع آبی منصوبے صوبے کے پانی کے حصے اور زرعی مستقبل کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے 1991ء کے آبی معاہدے کے اصولوں کے مطابق پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے وسائل عوام کی خوشحالی کے لیے استعمال ہونے چاہئیں، نہ کہ حکمرانوں، مخصوص کاروباری طبقوں اور طاقتور حلقوں کے مفادات کے لیے۔ صوبے میں کرپشن، اقربا پروری، سفارش اور بدانتظامی نے سرکاری اداروں کو تباہ کر دیا ہے۔ اربوں روپے کے ترقیاتی بجٹ کے باوجود شہر بنیادی سہولتوں سے محروم، اسپتال ادویات سے خالی، اسکول سہولتوں سے محروم اور سڑکیں تباہ حال ہیں۔
ایاز لطیف پلیجو نے مہنگائی، بے روزگاری اور میرٹ کی پامالی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو سفارش اور رشوت کے بجائے قابلیت کی بنیاد پر روزگار ملنا چاہیے، جبکہ حکومت کو عوام کو ریلیف، کسانوں کو زرعی سہولتیں اور مزدوروں کو ان کی محنت کا جائز معاوضہ فراہم کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ سیاسی، آئینی اور معاشی بحران سے نکالنے کے لیے پارلیمنٹ کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، صوبائی خودمختاری اور عوام کے ووٹ کا احترام ضروری ہے۔ سیاسی اختلافات کو جمہوری طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔
ایاز لطیف پلیجو نے سندھ کے عوام، سیاسی کارکنوں، نوجوانوں، کسانوں، مزدوروں اور خواتین سے اپیل کی کہ وہ ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہوکر سندھ کی وحدت، وسائل، پانی، زمین اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گرفتاریاں اور رکاوٹیں عوام کی جمہوری جدوجہد کو نہیں روک سکتیں۔