ڈینگی سے نوجوان کی ہلاکت، مبینہ غفلت برتنے پر ہسپتال انتظامیہ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج

حیدرآباد (انڈس ٹریبیون) سول ہسپتال حیدرآباد میں مبینہ طور پر عملے کی غفلت کے باعث جاں بحق ہونے والے نوجوان حسنین زرداری کی موت کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے.

مقدمہ متوفی کے والد ایڈووکیٹ عامر زرداری کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 302 سمیت دیگر اہم دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق حسنین زرداری گزشتہ چار روز سے ڈینگی میں مبتلا تھا اور علاج کے دوران اسپتال کے عملے کی مبینہ لاپرواہی کے باعث 22 اکتوبر کو انتقال کر گیا.

متوفی کے والد کی جانب سے عدالت میں دائر درخواست پر فرسٹ ایڈیشنل سیشن جج حیدرآباد نے مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کیا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے.

ذرائع کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایت کر دی گئی ہے، جب کہ ورثا نے مکمل انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں