کمشنر سکھر کا سول ہسپتال دورہ، مشینری کی قلت اور سہولیات کا فقدان ختم کرنے کی یقین دہانی

سکھر(انڈس ٹربیون) کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے سول ہسپتال سکھر کا دورہ کیا اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن اور پرنسپل ڈاکٹر صالح محمد چنہ سے اسپتال امور سے متعلق تفصیلی ملاقات کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو سکھر بشریٰ منصور سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے.

انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نامزد فوکل پرسن ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو بشریٰ منصور کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہا جائے اور مسائل سے بروقت آگاہ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتال میں موجود خامیوں کو دور کرتے ہوئے مرحلہ وار بہتری لانی ہے، اور اگرچہ اس عمل میں کچھ وقت لگ سکتا ہے، مگر ہم اسپتال میں نمایاں بہتری لانے کے حوالے سے پُرامید ہیں۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن نے اسپتال کی بہتری کے لیے سونپی گئی ذمے داری کو چیلنج سمجھ کر پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی اور مختلف مسائل کی نشاندہی بھی کی.

کمشنر سکھر نے شعبۂ چشم اور آرتھوپیڈک کے لیے جدید مشینری کی فراہمی، ریڈیالوجی مشینری کی مرمت، اسپتال حدود میں تجاوزات کے خاتمے اور اسپتال کے لیے سیپکو سے ایکسپریس فیڈر کی فراہمی سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی.

اس موقع پر اسسٹنٹ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر زاہد ملک، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ رضا حسین اور دیگر افسران بھی موجود تھے.

اپنا تبصرہ لکھیں