گڑھی خدا بخش(انڈس ٹربیون) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اب یہ بات سمجھ آ چکی ہے کہ پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت شکر کرے کہ پاکستان نے لحاظ کیا، ورنہ اس کے تمام جہاز گرائے جا سکتے تھے۔
ان کے بقول، ’’جو کوئی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا، اسے یاد رکھنا چاہیے کہ یہاں زرداری بیٹھا ہے، یہاں پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کے جیالے موجود ہیں۔‘‘
بینظیر بھٹو کی اٹھارویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ’’پاکستان کھپے‘‘ کا نعرہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا دیا ہوا نعرہ ہے، جو آج بھی پاکستان کی وحدت اور بقا کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایسا آرمی چیف بنایا جس نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کو واضح پیغام ملا کہ پاکستان اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ صدر زرداری نے بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’تم خود کو دنیا کی بڑی معیشت کہتے ہو، مگر چار دن کی جنگ بھی نہیں لڑ سکے۔ وہ دل گردہ کہاں سے لاؤ گے جو ہمارے فوجی سربراہ کے پاس ہے؟‘‘
صدرِ مملکت نے کہا کہ بھارت ایک بڑی طاقت ہو سکتا ہے، لیکن پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف جیسا حوصلہ اور جرات اس کے پاس نہیں۔
صدر زرداری نے اپنے ایک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے ورکرز کو کہا تھا کہ وہ احتیاط سے رہیں اور وہ اکیلے دشمن کا مقابلہ کریں گے۔ ان کے مطابق، جب ملٹری سیکرٹری نے انہیں بنکر میں جانے کا مشورہ دیا تو انہوں نے جواب دیا کہ ’’ہم میدان میں مرتے ہیں، ہم تیار ہیں۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا، لیکن اگر کوئی ہاتھ پاکستان کی طرف بڑھا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو ’’ہمارا چیف انہیں ناکوں چنے چبوادے گا‘‘۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنی تقریر میں سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایک بیوقوف آدمی نے چار سال میں دنیا بھر سے ہمارے تعلقات خراب کیے۔‘‘