سندھ میں آج سے بارشیں، کراچی میں پارہ 7 ڈگری تک گرنے کا امکان

کراچی(ويب ڈیسک) دارالحکومت کراچی سمیت سندھ کے مختلف حصوں میں بارشوں اور سردی کی نئی لہر داخل ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ صوبے پر اثر انداز ہو رہا ہے جس کے باعث آئندہ چند روز کے دوران موسم میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج گرد آلود تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ گرج چمک اور بارش کا امکان ہے، جبکہ جمعہ سے اتوار کے دوران سردی کی شدت میں واضح اضافہ ہو سکتا ہے۔ موسمی حکام کے مطابق شہر میں کم سے کم درجۂ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا خدشہ ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہنے کی توقع ہے۔

نئے موسمی نظام کے تحت زیریں سندھ کے اضلاع جامشورو، دادو، ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر، سجاول، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، سانگھڑ، میرپورخاص اور عمرکوٹ میں بارش متوقع ہے۔

اسی طرح بالائی سندھ کے علاقوں شہید بینظیر آباد، نوشہرو فیروز، خیرپور، سکھر، گھوٹکی، جیکب آباد، لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ اور شکارپور میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرد موسم سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، جبکہ بارش اور تیز ہواؤں کے دوران بجلی کے کھمبوں، درختوں اور کمزور تعمیرات سے دور رہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں