کشمور میں مبینہ پولیس مقابلہ، معصوم بچے سمیت تین افراد ہلاک

کشمور: کشمور کے تھانہ کشمور کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک معصوم بچے سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے، جس کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہوا، جس کے نتیجے میں دو مبینہ ڈاکو مارے گئے۔ ایس ایس پی کشمور کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو سنگین نوعیت کے متعدد جرائم میں مطلوب تھے۔

معصوم بچے کی ہلاکت کے حوالے سے ایس ایس پی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بچہ پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق نہیں ہوا۔ تاہم واقعے کے بعد مقتولین کے ورثا اور علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کر دی۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے گھروں میں سو رہے تھے کہ اسی دوران پولیس نے اچانک کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت تین افراد جان سے گئے۔ مظاہرین نے پولیس کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے واقعے کو ’’پولیس گردی‘‘ قرار دیا ہے۔

احتجاج کے باعث مرکزی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی، جبکہ صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے سندھ پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کرائی جائیں اور اگر کوئی اہلکار قصوروار پایا جائے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں