اسلام آباد: محکمہ موسمیات پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال 2026 کا پہلا مکمل چاند گرہن 3 مارچ کو ہوگا، جس کے دوران چاند سرخی مائل روشنی میں ڈوبا ہوا نظر آئے گا۔
فلکیاتی ماہرین کے مطابق مکمل چاند گرہن اس وقت ہوتا ہے جب زمین، سورج اور چاند کے عین درمیان آ جاتی ہے، جس کے باعث زمین کا سایہ چاند پر پڑتا ہے۔ اس دوران سورج کی براہِ راست روشنی چاند تک نہیں پہنچ پاتی، تاہم زمین کے ماحول سے گزرنے والی شعاعیں چاند کو سرخ یا نارنجی رنگ دے دیتی ہیں۔ اسی وجہ سے اسے عام طور پر ’بلڈ مون‘ کہا جاتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں چاند گرہن کا آغاز دوپہر 1 بج کر 44 منٹ پر ہوگا، جبکہ 2 بج کر 50 منٹ پر باقاعدہ گرہن لگنا شروع ہوگا۔ مکمل چاند گرہن شام 4 بج کر 05 منٹ پر ہوگا اور 4 بج کر 34 منٹ پر اپنے عروج پر پہنچے گا۔
گرہن کے اختتام کا عمل شام 5 بج کر 03 منٹ پر شروع ہوگا اور رات 7 بج کر 23 منٹ پر مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔
یہ چاند گرہن آسٹریلیا، شمالی و جنوبی امریکا اور دنیا کے مختلف خطوں میں واضح طور پر دیکھا جا سکے گا، جبکہ پاکستان کے مختلف شہروں میں دن کی روشنی کے باعث اسے جزوی طور پر ہی دیکھا جا سکے گا۔
ماہرینِ فلکیات نے واضح کیا ہے کہ چاند کا سرخ دکھائی دینا ایک قدرتی فلکیاتی عمل ہے اور اس کا کسی غیر معمولی یا خطرناک تبدیلی سے کوئی تعلق نہیں۔