کراچی (ویب ڈیسک) –پاکستان میں آج جمعے کے روز سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 3400 روپے سستا ہو کر 5 لاکھ 33 ہزار 762 روپے کا ہوگیا ہے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 2915 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 57 ہزار 614 روپے ہوگئی۔
ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے جہاں فی اونس سونا 34 ڈالر کمی کے بعد 5110 ڈالر کا ہوگیا۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فی تولہ چاندی 104 روپے اضافے کے بعد 8914 روپے ہوگئی جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 89 روپے اضافے سے 7642 روپے ہوگئی۔
ماہرین کے مطابق سونا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے۔ افراطِ زر، سیاسی اور معاشی غیر یقینی صورتحال کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ اثاثہ تصور کرتے ہیں اور اس میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت عالمی مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی جاتی ہے۔