عالمی کشیدگی: پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 55 روپے اضافہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 55 روپے اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔

نئی قیمتوں کے تحت ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت 266 روپے 17 پیسے سے بڑھا کر 321 روپے 17 پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے، جو تقریباً 17 فیصد اضافہ ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہو گا۔

یہ اعلان وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے باعث خطے کی صورتحال کشیدہ ہے اور اس کے اثرات عالمی منڈیوں تک پھیل چکے ہیں۔ ان کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی سطح پر 50 سے 70 فیصد تک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف گزشتہ دو سے تین ہفتوں سے اس صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے تھے تاکہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے ایک مستقل کمیٹی بھی قائم کی گئی تھی جو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور عالمی صورتحال کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہی تھی۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی مختلف ممالک کی سول اور عسکری قیادت سے رابطے میں ہیں۔

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ توانائی اور معیشت کا گہرا تعلق ہے، اس لیے حکومت عالمی بحران کے پاکستان کی معیشت پر ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی معاشی صورتحال مستحکم ہے تاہم حکومت مختلف ممکنہ حالات کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ دو روز میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور متعلقہ حکام سے ملاقات کی جائے گی تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کے استعمال اور انتظام سے متعلق حکمت عملی طے کی جا سکے۔

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان اس وقت غیر معمولی حالات کا سامنا کر رہا ہے اور خطے میں بھڑکنے والی آگ پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔ ان کے مطابق آبنائے ہرمز میں سرگرمیاں متاثر ہونے سے عالمی سطح پر تیل کی رسد اور قیمتیں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم نے سعودی حکومت سے رابطہ کیا ہے جبکہ متبادل توانائی ذرائع کے انتظام کے لیے وزارتِ خارجہ بھی متحرک ہے۔ ان کے مطابق پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے دو جہاز سعودی عرب کی بندرگاہوں ینبع اور فجیرہ کی جانب روانہ ہو چکے ہیں تاکہ ملک کی توانائی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی آرامکو نے بھی پاکستان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر بڑا جہاز فراہم کیا جائے تو ینبع سے خام تیل لوڈ کر کے پاکستان کی بندرگاہوں تک پہنچایا جا سکتا ہے، جہاں سے پی این ایس سی کے فیڈر جہازوں کے ذریعے ریفائنریوں کو سپلائی دی جائے گی۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ سے بچنے کے لیے مشکل فیصلہ کرتے ہوئے قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جیسے ہی عالمی صورتحال بہتر ہو گی، قیمتوں میں کمی بھی فوری طور پر کی جائے گی۔

وفاقی وزیر کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ اب ہر ہفتے لیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں