لبنان سرحد پر جھڑپیں، حزب اللہ کے حملوں میں اسرائیلی وزیرِ خزانہ کا بیٹا زخمی

لبنان(ویب ڈیسک) کی سرحد پر جاری شدید جھڑپوں اور حزب اللہ کی جانب سے داغے گئے راکٹوں اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں اسرائیلی وزیرِ خزانہ بیزلیل سموٹریچ کا بیٹا اور متعدد دیگر فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔

اسرائیلی آرمی ریڈیو کے مطابق وزیرِ خزانہ کا بیٹا جمعہ کے روز لبنان کی سرحد کے قریب فوجی کارروائی کے دوران اپنے ساتھیوں سمیت زخمی ہوا۔ حزب اللہ نے جنوبی محاذ پر اسرائیلی پوزیشنوں، فوجی مراکز اور گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے لیے مربوط آپریشنز کا نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بیروت کے جنوبی مضافات اور لبنانی شہروں پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں مزاحمتی فورسز نے زاریت بیرکوں پر راکٹوں کی برسات کر دی۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ سرحد کے قریب ٹینک شکن میزائل لگنے سے کم از کم 8 فوجی زخمی ہوئے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ زخمیوں کی منتقلی کے لیے ہیلی کاپٹر طلب کیے گئے جبکہ حیفہ کے شمالی علاقوں میں ڈرون حملوں کے خدشے کے پیش نظر خطرے کے سائرن بھی بجا دیے گئے۔
حزب اللہ کے جنگجوؤں نے صبح سویرے ‘ساعصاع’ بستی پر راکٹوں سے حملہ کیا جبکہ جنوبی لبنان میں حال ہی میں قائم کردہ ‘بلات’ سائٹ کو خودکش ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔ اس کے علاوہ مٹولا، منارہ، مرج اور یفتاح بیرکوں میں اسرائیلی فوج کے ٹھکانوں پر توپ خانے سے گولہ باری بھی کی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں