کوئٹہ ایئرپورٹ پر دبئی سے آنے والے خاندان سے 4 کروڑ روپے کا سونا ضبط

کوئٹہ (ویب ڈیسک): کوئٹہ ایئرپورٹ پر دبئی سے آنے والے ایک خاندان سے تقریباً 4 کروڑ روپے مالیت کے سونے کے زیورات برآمد کر لیے گئے اور کسٹمز ایکٹ 1969 کی دفعات کے تحت ضبط کر لیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کسٹمز نے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کا سونا قبضے میں لے لیا۔ حکام کے مطابق دبئی سے آنے والی پرواز کے مسافروں کی کلیئرنس کے دوران عملے نے شک کی بنیاد پر خاندان کو روکا۔
سخت جانچ پڑتال اور سامان کی باریک بینی سے اسکیننگ کے بعد 85 تولہ سونے کے زیورات برآمد ہوئے، جن کی عالمی مارکیٹ میں قیمت تقریباً 4 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔

کسٹمز حکام نے بتایا کہ برآمد شدہ سونا کسٹمز ایکٹ 1969 کی متعلقہ دفعات کے تحت ضبط کیا گیا ہے اور ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹس پر نگرانی سخت کرنے کے احکامات کے بعد یہ ایک بڑی کامیابی ہے، کیونکہ اسمگلرز اب خاندانوں کی موجودگی کا فائدہ اٹھا کر قیمتی اشیاء غیر قانونی طور پر لانے کی کوشش کر رہے تھے۔

اپنا تبصرہ لکھیں