تہران (ویب ڈیسک): ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کو ہر صورت قتل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پاسداران انقلاب کے مطابق، “اگر یہ بچوں کا قاتل زندہ ہے تو ہم اس کا تعاقب جاری رکھیں گے اور اسے مار ڈالیں گے۔”
یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
پاسداران انقلاب کے آفیشل نیوز آؤٹ لیٹ سپاہ نیوز پر جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔
جنگ کی ابتدا اور ایران کی جوابی کارروائیاں
اس حالیہ خونریز تنازع کا آغاز 28 فروری کو ہوا جب امریکہ اور اسرائیل نے مشترکہ فضائی کارروائی میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گئے تھے۔ اس واقعے کے بعد ایران کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائیوں کا سلسلہ شروع ہوا۔
ایران میں داخلی کارروائیاں
ایران نے ملک کے اندر ’اندرونی دشمنوں’ کے خلاف بھی کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق اتوار کے روز شمال مغربی ایران سے کم از کم 20 افراد کو اسرائیل کے ساتھ تعاون کے شبہے میں گرفتار کیا گیا۔
گزشتہ چند دنوں میں ایران بھر میں کی جانے والی کارروائیوں میں سینکڑوں افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جن پر امریکہ اور اسرائیل کے لیے جاسوسی یا تعاون کا الزام ہے۔