واشنگٹن (ویب ڈیسک): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک امریکا کی شرائط پر بہتر معاہدہ طے نہیں پاتا، جنگ بندی کا کوئی امکان نہیں۔
این بی سی نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران جنگ بندی تو چاہتا ہے لیکن معاہدہ کرنے کے لیے تیار نہیں۔ ان کے مطابق ایران کو اپنی جوہری صلاحیت سے دستبردار ہونا ہوگا اور یہی کسی بھی ممکنہ ڈیل کی پہلی اور اہم شرط ہوگی۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی حملوں کے نتیجے میں ایران کی معیشت کے لیے اہم سمجھے جانے والے جزیرہ خرگ (Kharg Island) کا بڑا حصہ تباہ ہو چکا ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای سے متعلق بیان
ایران کے سپریم لیڈر کے ممکنہ جانشین مجتبیٰ خامنہ ای کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا،
“مجھے نہیں معلوم کہ وہ زندہ ہیں یا نہیں۔ میں نے سنا ہے کہ وہ زندہ نہیں ہیں، اگر وہ زندہ ہیں تو انہیں اپنے ملک کی بہتری کے لیے سوچنا چاہیے اور بہتر ہے کہ وہ ہتھیار ڈال دیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اب تو کوئی انہیں منظرِ عام پر بھی نہیں لا سکتا۔
آبنائے ہرمز اور عالمی توانائی بحران
عالمی توانائی بحران پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو محفوظ بنانے کے لیے متعدد ممالک نے حمایت کا عندیہ دیا ہے اور اس حوالے سے مشترکہ اقدام ایک مثبت پیش رفت ہو سکتی ہے۔