واشنگٹن (ویب ڈیسک) ڈونلڈ ٹرمپ نے عید الفطر کے موقع پر امریکہ سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس سے جاری خصوصی پیغام میں صدر ٹرمپ نے عید کو سماجی یکجہتی اور مذہبی آزادی کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے کہا، “خاتونِ اول اور میں عید الفطر منانے والے تمام امریکیوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو اپنی نیک تمنائیں پیش کرتے ہیں۔”
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ عید الفطر خاندانوں، دوستوں اور کمیونٹیز کو قریب لانے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے اور باہمی احترام و ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عید کا دن امریکہ کے بنیادی اصول ’مذہبی آزادی‘ کی اہمیت یاد دلاتا ہے۔ ان کے مطابق ان کی انتظامیہ ہر شہری کو اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کے حق کے تحفظ کے لیے کوشاں ہے۔
امریکی صدر نے اپنے پیغام کے اختتام پر تمام مسلمانوں کے لیے خوشیوں اور برکتوں بھری عید کی دعا بھی کی۔