دوحہ (ویب ڈیسک) قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا ہے کہ ایران کو اپنا کھویا ہوا اعتماد بحال کرنا ہوگا اور جنگ فوری طور پر بند ہونی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق قطر کے وزیراعظم نے ایران کی حالیہ فوجی کارروائیوں اور دھمکیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ حملے خطے میں اعتماد کو شدید دھچکا پہنچا رہے ہیں۔
ترک وزیر خارجہ خاقان فیدان کے ساتھ پریس کانفرنس میں انہوں نے ایران پر زور دیا کہ وہ تنازع کو مزید بڑھانے سے گریز کرے۔
شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا کہ ایران کو اپنا کھویا ہوا اعتماد بحال کرنا ہوگا اور جنگ کا فوری خاتمہ ضروری ہے، بصورت دیگر پورے خطے کا استحکام خطرے میں پڑ جائے گا۔
قطر نے راس لفان پلانٹ پر حملے کو ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ توانائی کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کے اثرات نہ صرف قطر بلکہ دنیا بھر کے لاکھوں افراد کو متاثر کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کے ایرانی دعوؤں کو ناقابل قبول اور بلاجواز قرار دیا گیا۔
ترک وزیر خارجہ خاقان فیدان نے بھی ایران کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایران مشرق وسطیٰ میں جنگ کو بڑھانے سے گریز کرے، ہمسایہ ممالک پر حملے کسی صورت قبول نہیں کیے جائیں گے۔
قطر اور ترکی کے حکام نے تصدیق کی کہ وہ تمام فریقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ خطے کو کسی بڑی تباہی سے بچایا جا سکے۔