کراچی(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھارتی وزیرِ دفاع کے سندھ سے متعلق حالیہ بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے تاریخی لاعلمی اور سفارتی غیر ذمہ داری قرار دیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اپنی ایکس (X) پوسٹ میں کہا کہ بھارتی وزیرِ دفاع تاریخ سے ناواقف ہیں۔ سندھ نے تو قیامِ پاکستان سے بھی پہلے، سال 1936 میں بمبئی پریذیڈنسی سے علیحدگی اختیار کرکے اپنی الگ شناخت قائم کی تھی۔ سندھ کے عوام نے ہمیشہ اپنی خودمختاری، وقار اور سیاسی شناخت کو ترجیح دی ہے۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ پاکستان کا اٹوٹ اور ناقابلِ تقسیم حصہ ہے۔ “سندھ کل بھی پاکستان کا حصہ تھا، آج بھی ہے اور ہمیشہ پاکستان کا حصہ رہے گا۔”
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیرِ دفاع سفارتی آداب کا خیال رکھیں اور غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے کے بجائے اپنی داخلی تقسیم اور مسائل پر توجہ دیں۔ “ہمارے متعلق دن میں خواب دیکھنا چھوڑ دیں،” انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا۔