ڈجیٹل تخلیق کے ذریعے انتہا پسندی کا مقابلہ کرنے کا اعلان

سکھر(رپورٹ: اشرف ابڑو) غیر سرکاری تنظیم کمیونٹی ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن (CDF) کے زیرِاہتمام اور UNODC، نیکٹا اور الحمد اسلامک یونیورسٹی کے اشتراک سے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں ’’نوجوانوں کی قیادت میں امن کے لیے ڈیجیٹل مہمات‘‘ کے عنوان سے اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس منصوبے کا مقصد بلوچستان اور سندھ کے چھ اضلاع میں نوجوانوں کو پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے بااختیار بنانا تھا۔ یہ منصوبہ نومبر 2024 سے جولائی 2025 تک جاری رہا اور اب ڈیجیٹل پیس انفراسٹرکچر کی بنیاد بن چکا ہے۔

منصوبے کے تحت 600 نوجوانوں — جن میں 50 فیصد لڑکیاں شامل تھیں — کو TikTok، Instagram اور Facebook جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر امن کے پیغام کو فروغ دینے کی عملی تربیت دی گئی۔ تقریب کے دوران نوجوانوں کی تیار کردہ 30 سے زائد وائرل ویڈیوز، 6 تھیماتی مہمات اور 10 متاثرکن ڈاکیومینٹری ویڈیوز شرکاء کے سامنے پیش کی گئیں۔

تقریب میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوان نمائندوں نے شرکت کی اور اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے پاکستان بھر میں امن کے فروغ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جیکب آباد ضرار خاصخیلی نے کہا کہ “نوجوان ہی پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، ان کی قیادت اور تخلیقی سوچ ہی ملک کو پرامن اور ترقی یافتہ بنا سکتی ہے۔”

کمیونٹی ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن کے سی ای او جان اوڈھانو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
“یہ منصوبہ صرف ایک ڈیجیٹل مہم نہیں، بلکہ نوجوانوں کو امن کے سفیر بنانے کا ایک سفر ہے۔ ہم نے دیکھا کہ کس طرح نوجوانوں نے تخلیقی انداز میں سوشل میڈیا کو ایک مثبت مقصد کے لیے استعمال کیا۔ ہمارا یقین ہے کہ اگر نوجوانوں کو اعتماد، وسائل اور مواقع دیے جائیں تو وہ تشدد، نفرت اور شدت پسندی کے بیانیے کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔”

تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں میں اعزازی شیلڈز اور سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس پیغام کو اپنے اپنے علاقوں تک لے جائیں گے اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے سرگرم کردار ادا کرتے رہیں گے۔

منصوبے کے دوران 24 تربیتی سیشنز، 30 امن پر مبنی ویڈیوز، اور ایک ڈیجیٹل میڈیا اسٹوڈیو قائم کیا گیا۔ نوجوان شرکاء نے ویڈیوز، تقاریر اور ذاتی تجربات کے ذریعے بتایا کہ اب وہ سوشل میڈیا کو مثبت تبدیلی اور پرامن معاشرے کے فروغ کے لیے مؤثر طریقے سے استعمال کر رہے ہیں۔

تقریب میں انتہا پسندی کے خلاف اور مذہبی رواداری کے فروغ میں کردار ادا کرنے پر سکھر نیشنل پریس کلب کو اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا۔

تقریب سے ٹاؤن کمیٹی مکی شاہ، سکھر کے چیئرمین غلام مرتضیٰ گھانگھرو، سماجی رکن غزالہ انجم، مختلف غیر سرکاری تنظیموں کے سربراہان ارشاد مہر، انور مہر، احمد بخش، نثار احمد، جمال الدین، شبیر احمد، زلیخان ابڑو، نعمان احمد ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں