کراچی:سولجر بازار میں رہائشی عمارت میں دھماکہ، 13 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

کراچی(ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے سولجر بازار کی گل رانا کالونی میں جمعرات کی صبح تقریباً پانچ بجے ایک رہائشی عمارت میں دھماکے کے نتیجے میں آتشزدگی سے 13 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق دھماکہ مبینہ طور پر گیس پریشر مشین کے استعمال کے باعث ہوا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ 30 گز پر قائم تین منزلہ عمارت کا بڑا حصہ زمین بوس ہو گیا جبکہ چھت گرنے سے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔ امدادی ٹیموں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ملبے سے لاشیں اور زخمیوں کو نکالا۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان حسان خان نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق عمارت میں غیر قانونی طور پر گیس پریشر مشین استعمال کی جا رہی تھی جو اطراف کی لائنوں سے گیس کا پریشر کھینچتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکہ عمارت کی پہلی منزل پر ہوا جس کے بعد پوری عمارت شدید متاثر ہوئی۔

ترجمان کے مطابق اب تک 13 لاشیں ملبے سے نکالی جا چکی ہیں جبکہ 14 زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ جاں بحق افراد میں بچے بھی شامل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے کی گلیاں تنگ ہونے کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات پیش آئیں تاہم ریسکیو ٹیمیں خصوصی آلات کی مدد سے ملبہ ہٹانے اور ممکنہ طور پر پھنسے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں