کراچی: ڈاکٹر سارنگ کے بہیمانہ قتل میں ملوث ملزمان کا سراغ نہ مل سکا،

کراچی (ویب ڈیسک)ڈاکٹر سارنگ کو قتل کرنے والے سفاک ملزمان کا تاحال سراغ نہیں لگ سکا، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے بھائی کی آمد کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے داؤد پوتہ روڈ پر مسلح ملزمان نے بیٹی اور اہلیہ کے سامنے ڈاکٹر کو رکشے سے اتار کر فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ واقعے کے کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود کار سوار ملزمان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

پولیس کے مطابق مقتول ڈاکٹر سارنگ کینٹ اسٹیشن کے قریب اپنے عزیز کے گھر سے اہلیہ کے ہمراہ رکشے میں سوار ہو کر گھر جا رہے تھے کہ کار میں سوار مسلح ملزمان نے رکشہ روکا، ڈاکٹر کو زبردستی نیچے اتارا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر سارنگ دین محمد وفائی روڈ کے رہائشی تھے، تاہم کیس میں اب تک کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ ملزمان کی گاڑی، تعداد اور شناخت کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کی جانب سے جائے وقوعہ کے اطراف سے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ مقتول کے بھائی آج بدین سے کراچی پہنچیں گے، جس کے بعد قانونی کارروائی مکمل کر کے مقدمہ درج کیا جائے گا۔

واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے، جس میں ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر زاویے شامل ہیں، جبکہ پولیس اہلخانہ کے بیانات اور شواہد کی روشنی میں ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں