ایران مذاکرات: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا دورہ پاکستان مؤخر

اسلام آباد / واشنگٹن(ویب ڈیسک) خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا ایران کے ساتھ ممکنہ جنگ بندی مذاکرات کے سلسلے میں پاکستان کا متوقع دورہ مؤخر کر دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دورے کی منسوخی عارضی ہے اور صورتحال کسی بھی وقت تبدیل ہو سکتی ہے، کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پالیسی فیصلوں میں اچانک تبدیلی کے لیے جانے جاتے ہیں۔

عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور صدارتی مشیر جیرڈ کشنر واشنگٹن پہنچ رہے ہیں، جہاں آئندہ حکمتِ عملی پر مشاورت کی جائے گی۔

امریکی حکام کے مطابق اگر اسلام آباد میں مزید ملاقات کے بغیر موجودہ جنگ بندی ختم ہو جاتی ہے تو صورتحال پیچیدہ ہو سکتی ہے، تاہم صدر ٹرمپ کے پاس فوجی کارروائی کے بغیر بھی متعدد سفارتی آپشنز موجود ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران نے تاحال مذاکرات میں شرکت کا حتمی فیصلہ نہیں کیا۔

اس سے قبل وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے بتایا تھا کہ نائب صدر جے ڈی وینس، جو پاکستان میں ایران کے ساتھ ممکنہ مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت کرنے والے تھے، منگل کو واشنگٹن میں اہم پالیسی اجلاسوں میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب خبر رساں ادارے اے ایف پی کو جاری ایک مختصر بیان میں کہا گیا کہ مزید پالیسی اجلاس وائٹ ہاؤس میں جاری ہیں جن میں نائب صدر شرکت کریں گے، تاہم دورے کے نئے شیڈول سے متعلق کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔

حالیہ رپورٹس کے مطابق جے ڈی وینس کی روانگی منگل کی صبح متوقع تھی، تاہم بدلتی سفارتی صورتحال کے باعث دورہ مؤخر کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں