سکھر: ڈکیتی کے دوران فائرنگ، پیٹرول پمپ مالک جاں بحق، محافظ زخمی، 60 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے

سکھر (رپورٹ: تاج رند) سکھر میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی کی واردات کے دوران فائرنگ کر کے پیٹرول پمپ کے مالک کو قتل جبکہ ان کے محافظ کو زخمی کر دیا اور 60 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہو گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق پیٹرول پمپ کے مالک نیاز بگٹی ببرلو سے نقدی لے کر اپنے محافظ اور ایک ملازم کے ہمراہ سکھر کے بینک میں جمع کرانے جا رہے تھے کہ تھانہ ایئرپورٹ کی حدود سٹی بائی پاس کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو روک لیا۔ مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ڈرائیونگ سیٹ پر موجود نیاز بگٹی اور ان کے محافظ وارث میمن شدید زخمی ہو گئے۔

ملزمان گاڑی میں موجود 60 لاکھ روپے سے زائد نقدی لوٹ کر موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سکھر کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں نیاز بگٹی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جبکہ محافظ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ کے اطراف نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ نیاز بگٹی ببرلو (خیرپور) سے سکھر آ رہے تھے کہ سٹی بائی پاس کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ان کا تعاقب کرتے ہوئے واردات کی۔

مقتول نیاز بگٹی کا تعلق سکھر کے علاقے نیو پنڈ سے بتایا جاتا ہے۔ واقعے کے بعد ورثا غم سے نڈھال ہیں۔

واضح رہے کہ سکھر میں حالیہ دنوں کے دوران جرائم کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ چند روز قبل بھی مسلح افراد نے نوجوان ہندو تاجر وشال کمار کو قتل کر دیا تھا، تاہم اس واقعے میں ملوث ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہو سکے۔ شہریوں نے بڑھتی ہوئی بدامنی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں