وارھ (ویب ڈیسک): وارھ کے قریب گاجی کھاوڑ تھانے کی حدود میں واقع گاؤں گڑھی ماکوڑا میں “کالے الزام کی آڑ میں 17 سالہ لڑکی نائلہ بھٹی کو اس کے ہی سگے بھائی نے گولیاں مار کر قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم حنیف بھٹی نے شک کی بنیاد پر اپنی بہن پر فائرنگ کی، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی اور تقریباً دو گھنٹے تک زندگی اور موت کی کشمکش میں تڑپتی رہی۔
عینی شاہدین کے مطابق زخمی لڑکی بار بار کہتی رہی کہ “میں بے گناہ ہوں، مجھے اسپتال لے جاؤ”، تاہم ملزم نے اس کی بروقت طبی امداد میں بھی رکاوٹ ڈالی اور دیہاتیوں کو اسلحے کے زور پر قریب آنے سے روکتا رہا۔
مقامی ذرائع کے مطابق جب کچھ افراد نے رکشہ کے ذریعے زخمی لڑکی کو اسپتال لے جانے کی کوشش کی تو ملزم نے انہیں بھی روک دیا اور حملے کی دھمکیاں دیں۔ بعد ازاں نجی گاڑی کے ذریعے منتقل کرنے کی کوشش بھی ناکام بنا دی گئی۔
پولیس کے پہنچنے پر زخمی لڑکی کو وارھ سول اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم شدید خون بہہ جانے اور تاخیر کے باعث وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گئی۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف اور سوگ کی فضا ہے۔ شہریوں اور سماجی تنظیموں نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو فوری گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔