مریم نواز کا جنوبی پنجاب کے کچے علاقوں کیلئے 23 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

لاہور(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جنوبی پنجاب کے کچے علاقوں کی ترقی کے لیے 23 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں کچے کے علاقوں میں معاشی و سماجی ترقی کے لیے مختلف اقدامات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ کے نام سے نیا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ نے کچے کے علاقوں کے رہائشیوں کو 14 ہزار 500 ایکڑ سرکاری اراضی دینے کی ہدایت کی ہے تاکہ مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ اس کے ساتھ کچے کے علاقوں میں ٹرانسپورٹ سہولیات اور موبائل کلینکس بھی بھیجے جائیں گے۔

پروگرام کے تحت جنوبی پنجاب کے کچے علاقوں میں اسکول، اسپتال، سڑکیں اور پل تعمیر کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ موبائل ویٹرنری اسپتال اور لیبارٹریز بھی فراہم کی جائیں گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ کچے کے علاقوں میں شمسی توانائی سے چلنے والی ڈرون نگرانی شروع کی جائے گی جبکہ تھانوں اور چیک پوسٹوں میں نگرانی کے جدید نظام بھی نصب کیے جائیں گے۔

امن و امان کے لیے 7.1 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ سماجی ڈھانچے کی بہتری پر 13.9 ارب روپے خرچ ہوں گے۔

تعلیمی سہولیات کے لیے 300 طلبہ کو اسکالرشپ اور 300 طلبہ کو لیپ ٹاپ دیے جائیں گے جبکہ 6 ہزار 551 طالبات کو اسکول میں دودھ کے پیکٹس فراہم کیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق یہ منصوبہ جنوبی پنجاب کے پسماندہ کچے علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے ایک بڑا اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں