شکارپور میں تاریخی ورثے کی بحالی کا آغاز، “میری ویدر پولین” کی مرمت شروع

شکارپور(انڈس ٹربیون) صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سید ذوالفقار علی شاہ کی جانب سے کھلی کچہری کے دوران کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت شکارپور تاریخی مقام “میری ویدر پولین” کی بحالی کے کام شروع کر دیے گئے ہیں۔

محکمہ نوادرات سکھر کے ڈپٹی ڈائریکٹر ظہیر جوکھیو کی نگرانی میں شاہی باغ شکارپور میں واقع برطانوی دور کی تاریخی یادگار “میری ویدر پولین”، جو طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی، کو اصل حالت میں بحال کرنے کا کام جاری ہے۔

ظہیر جوکھیو کے مطابق وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ کی ہدایات کی روشنی میں اس تاریخی مقام کی بحالی کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے، اور جلد ہی اسے رنگ و روغن کے ساتھ ماضی کی دلکش حالت میں بحال کر دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ صوبائی وزیر کی قیادت میں شکارپور سمیت سندھ بھر میں تاریخی عمارتوں اور نوادرات کے تحفظ کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں، تاکہ ثقافتی ورثے کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ “سینٹر آف ہوپ پاکستان” کے سربراہ سلطان رند نے وزیر ثقافت کی کھلی کچہری کے دوران اس تاریخی مقام کی خستہ حالی کا مسئلہ اٹھایا تھا، جس کے بعد فوری اقدامات کیے گئے۔

اپنا تبصرہ لکھیں