گھوٹکی: تشدد کیس میں ضمانت رد، سابق ایس ایچ او سمیت تین اہلکاروں کا فرار ہونے کی کوشش

گھوٹکی: گھوٹکی میں دیہاتی ملہن شر پر مبینہ تشدد اور تذلیل کے مقدمے میں عدالت نے سابق ایس ایچ او قابل بھیو سمیت تین پولیس اہلکاروں کی ضمانت مسترد کردی۔

مقدمے میں سابق ایس ایچ او قابل بھیو اور پولیس اہلکار نثار مہر اور ولی محمد میرانی نامزد ہیں۔

ضمانت مسترد ہونے کے بعد قابل بھیو اور دیگر دونوں اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طور پر عدالت سے فرار ہونے کی کوشش کی گئی، تاہم عدالت میں موجود شر برادری کے افراد نے قابل بھیو کو پکڑنے کی کوشش کی۔

اس دوران مزاحمت کے نتیجے میں قابل بھیو کے ساتھ مبینہ طور پر ہاتھا پائی ہوئی اور ان کے کپڑے پھٹ گئے۔ عدالتی پولیس نے انہیں ہجوم سے نکال کر ایک کمرے میں منتقل کردیا، جس کے بعد عدالت کے احاطے میں صورتحال کشیدہ اور بدنظمی کا شکار ہوگئی۔

عدالت کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ دیہاتی ملہن شر نے الزام عائد کیا کہ اس پر تشدد اور تذلیل کے مقدمے میں سابق ایس ایچ او قابل بھیو کی ضمانت مسترد ہونے کے باوجود پولیس انہیں گرفتار کرنے کے بجائے فرار ہونے کا موقع فراہم کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں