ایس پی ایس سی احتسابی آپریشن؛ بھرتیوں میں بے ضابطگیوں پر ڈپٹی ڈائریکٹر سمیت تین افسران برطرف، ایک کو سزا

حیدرآباد (دی انڈس ٹربیون ڈیسک) سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی) نے بھرتی کے عمل کی شفافیت کو نقصان پہنچانے اور بدعنوانی میں ملوث افسران کے خلاف فیصلہ کن تادیبی کارروائی کرتے ہوئے تین افسران کو ملازمت سے برطرف جبکہ ایک اہلکار کو محکمانہ سزا سنا دی ہے۔ دوسری جانب CCE-2024 کے امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف دو ماہ تک احتجاجی دھرنا دینے والی اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی نے اس اقدام کو اصلاحات کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیتے ہوئے خیرمقدم کیا ہے۔

حیدرآباد سے 16 نومبر کو جاری کردہ سرکاری پریس ریلیز (نمبر: NO.PSC/GRS/2026/93، کے مطابق، یہ کارروائی کمیشن کے چیئرمین رضوان احمد کی جانب سے شروع کی گئی جامع احتسابی مہم کا حصہ ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق عوام اور اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کی تصدیق اور ریکارڈ کی باریک بینی سے جانچ پڑتال کے بعد متعلقہ قوانین اور قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کی روشنی میں مجاز اتھارٹی نے غلام علی غوری — ڈپٹی ڈائریکٹر (ریکروٹمنٹ)، سہیل احمد پٹولی — اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ریکروٹمنٹ، منظور احمد قریشی — سپرنٹنڈنٹ
کو نوکری سے برطرف کر دیا جبکہ فضل محمد شاہ — اسسٹنٹ (ریکروٹمنٹ سیکشن) کو دو سالانہ انکریمنٹس (ترقیاں) روکنے کی سزا دی گئی ہے۔

کمیشن نے امیدواروں اور اسٹیک ہولڈرز کو متنبہ کیا گیا ہے کہ برطرف کیے گئے افسران کا اب SPSC سے کوئی تعلق نہیں رہا، لہٰذا کمیشن سے متعلق کسی بھی معاملے میں ان سے رابطہ یا لین دین نہ کیا جائے، بصورت دیگر کمیشن کسی بھی نتیجے کا ذمہ دار نہیں ہوگا۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف کمیشن کے سرکاری ذرائع پر انحصار کریں اور کسی بھی مشکوک رابطے کی فوری اطلاع کمیشن کو دیں۔

اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کا ردِعمل
ادھر سندھ پبلک سروس کمیشن کے CCE-2024 کے امتحانات میں بدعنوانی، نوکریوں کی مبینہ فروخت اور میرٹ کی پامالی کے خلاف دو ماہ تک کمیشن کے دفتر کے سامنے دھرنا دینے والی اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی نے افسران کے خلاف اس کارروائی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
کمیٹی کے رہنماؤں ذبیح اللہ جتوئی و دیگر نے اپنے بیان میں کہا کہ تین افسران کی برطرفی اور ایک اہلکار کے خلاف تادیبی کارروائی اس بات کا ثبوت ہے کہ اداروں میں شفافیت اور میرٹ کی بحالی کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا:
> "ہم ہمیشہ سے یہ مؤقف رکھتے آئے ہیں کہ سندھ کے نوجوانوں کا مستقبل کسی کی ذاتی پسند و ناپسند یا اختیارات کے ناجائز استعمال کی بھینٹ نہیں چڑھنا چاہیے۔ سرکاری ادارے عوام کے اعتماد سے چلتے ہیں اور اس اعتماد کی بحالی کے لیے احتساب بنیادی شرط ہے۔”
>
طلبہ رہنماؤں نے مزید واضح کیا کہ ان کی جدوجہد کسی فردِ واحد کے خلاف نہیں بلکہ ایک ایسے نظام کے قیام کے لیے ہے جہاں سفارش کی بجائے قابلیت اور تعلقات کی بجائے میرٹ فیصلہ کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس کارروائی کو محض چند افسران تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ سندھ پبلک سروس کمیشن میں مستقل، غیر جانبدار اور جامع اصلاحات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ہر امیدوار کو اس کا جائز حق میرٹ پر مل سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں