سندھ کو زبردستی تقسیم کیا گیا تو کراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا، لوگ ہتھیار اٹھائیں گے، بلاول بھٹو

کراچی (دی انڈس ٹربیون) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کی تقسیم اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث پر سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر سندھ کو زبردستی تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو کراچی کی سڑکوں پر خون بہے گا، عام لوگ ہتھیار اٹھائیں گے اور معاشرے میں ایسی دشمنیاں پیدا ہوں گی جو کئی نسلوں تک جاری رہ سکتی ہیں۔

کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی خواہشات، آئین اور قانون کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کی حامی ہے، تاہم کسی صوبے کو طاقت کے زور پر تقسیم کرنے کے نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر زبردستی سندھ کی تقسیم کی گئی تو بھائی، بھائی کا دشمن بن جائے گا اور خونریزی محض ایک قتل تک محدود نہیں رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سندھ میں خونریزی نہیں دیکھ سکتے، اس لیے نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی، قانونی اور جمہوری طریقہ اختیار کرنا ضروری ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئین میں واضح طریقہ کار موجود ہے، اس کے باوجود ریفرنڈم جیسی تجاویز سامنے لانا غیر آئینی راستہ تلاش کرنے کے مترادف ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں ریفرنڈم غیر جمہوری مقاصد کے لیے استعمال ہوتے رہے ہیں، اس لیے اصل مسئلہ ریفرنڈم نہیں بلکہ نیت کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ محسن بھائی کیا کرنا چاہتے ہیں، تاہم نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر ان سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔ نہ وزیراعظم اور نہ ہی وفاقی کابینہ میں صوبوں کی تقسیم سے متعلق کوئی بات ہوئی ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ نئے صوبوں کی تجاویز دینے والے بعض افراد کبھی انتخابات نہیں جیتے اور نہ ہی ان کا سیاسی مستقبل عوام کے ووٹ سے وابستہ ہے، جبکہ جن علاقوں میں عوام نئے صوبوں کا مطالبہ کر رہے ہیں، وہاں کسی وفاقی وزیر کی توجہ نہیں۔

نظام خود تباہ نہیں ہوا، اسے تباہ کیا گیا ہے

ملک کے سیاسی اور انتظامی نظام پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، لیکن کوئی اس بات پر گفتگو کرنے کے لیے تیار نہیں کہ یہ تباہی کیوں اور کیسے ہوئی۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ نظام کی تباہی میں وہ خود بھی ذمہ دار ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ نظام کی بحالی کے لیے غیر سیاسی اقدامات کے بجائے سیاسی اصلاحات کی ضرورت ہے اور ان اصلاحات کا آغاز پارلیمنٹ سے ہونا چاہیے۔

ان کے مطابق اپوزیشن کو پارلیمنٹ پر اعتماد نہیں رہا اور حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اپوزیشن کا اعتماد بحال کرے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو پیپلز پارٹی نے وزیراعظم بنایا اور وہ چاہتے ہیں کہ شہباز شریف کامیاب ہوں، تاہم وزیراعظم کے پاس اتنا اختیار ضرور ہونا چاہیے کہ وہ اپنے وزرا کو ضابطے میں رکھ سکیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پچھلے دروازوں سے کیے جانے والے فیصلے دیرپا نہیں ہوتے۔ اگر نظام کی خرابی کا علاج کرنا ہے تو اس کی اصل وجوہات کو سمجھنا ہوگا، نہ کہ ایک مسئلے کے حل کے لیے کوئی دوسرا نسخہ پیش کیا جائے۔

وفاق صوبوں کے وسائل پر ڈاکا ڈال رہا ہے، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت پر صوبوں کو ان کے جائز مالی وسائل فراہم نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ صوبوں کے وسائل پر ڈاکا ڈالنے کے بعد سوال کیا جاتا ہے کہ صحت کا نظام کمزور اور سڑکیں ٹوٹی ہوئی کیوں ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیٹرولیم لیوی کی مد میں صوبوں کا حصہ تقریباً ایک کھرب 70 ارب روپے بنتا ہے، لیکن یہ رقم صوبوں کو فراہم نہیں کی جا رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کو درپیش مالی مشکلات کی ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد ہوتی ہے، جو عوام کے وسائل ان کی فلاح و بہبود پر خرچ نہیں کر رہی۔

انہوں نے تاریخی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کراچی کو دارالحکومت بنانے کا فیصلہ بھی زبردستی کیا گیا تھا، جبکہ ون یونٹ کے قیام کے باوجود سندھ کے عوام نے اپنی جدوجہد اور مزاحمت جاری رکھی۔

27ویں آئینی ترمیم زبردستی منظور کرائی گئی، ججوں کے استعفے اعتماد کے خاتمے کا ثبوت ہیں

آئینی ترامیم پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپوزیشن سے مخصوص نشستیں چھین کر دو آئینی ترامیم منظور کرائی گئیں اور اب تیسری ترمیم لانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم مکمل اتفاق رائے کے بغیر بھی باہمی رضامندی سے منظور ہوئی، تاہم 27ویں آئینی ترمیم اتفاق رائے کے بجائے عددی اکثریت کی بنیاد پر زبردستی منظور کرائی گئی۔

بلاول بھٹو کے مطابق 27ویں آئینی ترمیم کے بعد سینئر ججوں کے استعفوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ عدالتی نظام پر ان کا اعتماد ختم ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا کام انصاف فراہم کرنا ہے، ڈیم بنانا نہیں۔ ملک کے اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کیے بغیر نظام کی اصلاح ممکن نہیں۔

پاکستان میں کرپشن کا آسان ترین طریقہ ریاست کے ساتھ کھڑے ہونا ہے

بدعنوانی پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کا ایک بنیادی مسئلہ کرپشن ہے، لیکن اس کے خاتمے میں کسی کو سنجیدہ دلچسپی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بدعنوانی کرنے کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ ریاست کے ساتھ کھڑے ہو جائیں، پھر چاہے کچھ بھی کریں، کوئی پوچھنے والا نہیں ہوتا۔

بلاول بھٹو نے خدشہ ظاہر کیا کہ آج وہ نظام پر تنقید کر رہے ہیں، لیکن ممکن ہے کہ کل انہیں ہی بدعنوان یا ملک دشمن قرار دے دیا جائے۔

انہوں نے الیکشن کمیشن کی ساکھ پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب تک عوام کا الیکشن کمیشن پر اعتماد بحال نہیں ہوگا، انتخابات کی شفافیت پر بھی اعتماد پیدا نہیں ہو سکے گا۔

پاکستان کی تاریخ میں میڈیا اتنا کمزور کبھی نہیں تھا

صحافت اور آزادی اظہار پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شاید پاکستان کی تاریخ میں میڈیا کبھی اتنا کمزور نہیں رہا جتنا آج ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر صحافی اس خوف سے سچ بولنے سے گریز کریں کہ ان کے خلاف کارروائی ہو سکتی ہے تو وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں کیسے ادا کریں گے؟

ان کے مطابق صحافیوں کو ان کے جائز حقوق اور آزادانہ طور پر کام کرنے کا اختیار ملنا چاہیے۔

مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی، سیاستدان عوامی مسائل بھول گئے

ملکی معاشی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اتنے خراب معاشی حالات نہیں دیکھے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی جس رفتار سے بڑھ رہی ہے، اس میں عام آدمی کے لیے زندگی گزارنا مشکل ہوتا جا رہا ہے، جبکہ غریب اور پسماندہ طبقات سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔

بلاول بھٹو کے مطابق پاکستان کے سیاستدان عوام کے بنیادی مسائل بھول کر نفرت اور تقسیم کی سیاست میں مصروف ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا حق حاصل ہے، حکومت انتقامی کارروائیاں بند کرے

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کام حکومت پر تنقید کرنا ہے اور حکومت کو ان کی تنقید برداشت کرتے ہوئے ان کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں مولانا فضل الرحمان کے کردار کے بغیر موجودہ حکمران اقتدار میں نہ ہوتے۔

بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند کی جائیں اور پارلیمنٹ سمیت تمام ریاستی اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مزید سیاسی تقسیم اور محاذ آرائی کے بجائے آئینی بالادستی، جمہوری استحکام اور عوامی مسائل کے حل کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں