بلاول بھٹو اقتدار کے مزے بھی لیتے ہیں اور اپوزیشن بھی کرتے ہیں، عطا اللہ تارڑ کی تنقید

اسلام آباد (دی انڈس ٹربیون) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے سندھ سمیت ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مؤقف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو بہتر طرز حکمرانی اور نئے انتظامی یونٹس کے قیام پر بحث کرنے سے نہیں روکا جا سکتا۔

بلاول بھٹو زرداری کی کراچی پریس کلب میں کی گئی تقریر کے بعد ٹیلی ویژن پر اپنے ردعمل میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک میں گڈ گورننس سے متعلق بحث جاری ہے اور عوام ایسی حکومت چاہتے ہیں جو بہتر کارکردگی دکھائے اور ان کے سامنے جوابدہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو سمیت تمام سیاسی جماعتیں کئی دہائیوں سے اس نظام کا حصہ رہی ہیں، اس لیے آج کوئی بھی نظام کی خامیوں سے خود کو الگ نہیں کر سکتا۔

عطا اللہ تارڑ نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کے مزے بھی لیے جائیں اور ساتھ اپوزیشن کا کردار بھی ادا کیا جائے تو یہ دوہرا معیار ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کی تقریر کی بنیادی وجہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث ہے، جو اب عوامی سطح پر بھی زور پکڑ چکی ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا عوام کو خاموش کرا دیا جائے گا؟ کیا لوگوں کو بہتر حکمرانی اور انتظامی اصلاحات پر بات کرنے سے روکا جا سکتا ہے؟

عطا اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام پر بحث پارلیمنٹ کے اندر بھی ہوگی اور باہر بھی، کیونکہ عوام کو اپنے مفاد سے متعلق معاملات پر گفتگو کرنے سے نہیں روکا جا سکتا۔

ریفرنڈم سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، فیصلہ عوام کریں گے

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جمہوری اور سیاسی عمل کا تقاضا ہے کہ عوام کو فیصلوں میں شامل کیا جائے، کیونکہ یہ فیصلہ سیاسی رہنماؤں نے نہیں بلکہ عوام نے کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت کو عوام کے پاس جانے پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ ریفرنڈم آئین کا حصہ ہے اور عوامی رائے معلوم کرنے کا قانونی و آئینی طریقہ ہے۔

عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ عوام ہی حتمی فیصلہ کرنے کا اختیار رکھتے ہیں اور بہتر طرز حکمرانی ہر سیاسی جماعت کے منشور کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام اپنے نمائندوں کو منتخب کرتے ہیں، نمائندے عوام کو منتخب نہیں کرتے، اس لیے عوامی خواہشات کو ترجیح دینا ضروری ہے۔

سندھ کے عوام نئے صوبے چاہتے ہیں تو بنائے جائیں، نہیں چاہتے تو نہ بنائیں

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر پاکستان اور سندھ کے عوام مزید صوبوں کا قیام چاہتے ہیں تو نئے صوبے بنائے جائیں، لیکن اگر عوام اس کے حق میں نہیں تو ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام کو سیاسی تنازع بنانے کے بجائے ترقی، عوامی سہولتوں اور بہتر حکمرانی کے تناظر میں دیکھنا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ماضی میں غیر جمہوری مقاصد کے لیے ریفرنڈم کے استعمال پر اٹھائے گئے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے سوال کیا کہ کیا صرف اس وجہ سے عوام کو ان کے حقوق سے محروم رکھا جائے کہ ماضی میں ریفرنڈم کو غیر جمہوری طریقے سے استعمال کیا گیا تھا؟

اپنا تبصرہ لکھیں