اے آر وائی نیوز کی ویب سائٹ سائبر حملے کا شکار، سندھ کی وحدت کے نعرے درج

کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان کے نجی اردو نیوز چینل اے آر وائی نیوز (ARY News) کی آفیشل ویب سائٹ مبینہ سائبر حملے کا شکار ہوگئی، جہاں خود کو ’سندھ سائبر فورس‘ کہلانے والے ہیکر گروپ نے ویب سائٹ کا کنٹرول حاصل کرکے سندھ کی وحدت کے حق میں پیغامات اور نعرے درج کر دیے۔

سائبر حملے کے بعد اے آر وائی نیوز کی ویب سائٹ کے ہوم پیج پر معمول کی خبروں کے بجائے ڈیجیٹل لائٹس سے بنی کھوپڑی کی تصویر اور سندھ کی وحدت سے متعلق پیغامات دکھائی دینے لگے۔

ہیکرز نے انگریزی میں پیغام درج کیا کہ ”You were hacked because of your Sindh division view“، جس کا مطلب ہے کہ سندھ کی تقسیم سے متعلق موقف کی وجہ سے ویب سائٹ کو ہیک کیا گیا۔ اس کے ساتھ ”Sindh is one“ (سندھ ایک ہے) کا نعرہ بھی درج کیا گیا، جبکہ ”We’ll come back“ کے ذریعے دوبارہ آنے کی دھمکی بھی دی گئی۔

ہیکر گروپ نے دعویٰ کیا کہ ویب سائٹ کو صرف ڈیفیس (صفحے کی شکل تبدیل) نہیں کیا گیا بلکہ اے آر وائی کے مرکزی نظام (COS) سے 163 گیگا بائٹس تاریخی نیوز آرکائیو ڈیٹا بھی حذف کر دیا گیا ہے۔ گروپ نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس کا مقصد نقصان پہنچانا نہیں بلکہ صرف ایک پیغام دینا ہے۔

سائبر حملے کے بعد اے آر وائی نیوز کی انتظامیہ نے ویب سائٹ عارضی طور پر بند کر دی، جس کے نتیجے میں صارفین کو ”502 Bad Gateway“ کا ایرر نظر آنے لگا۔ اطلاعات کے مطابق ادارے کی آئی ٹی اور سائبر سکیورٹی ٹیم سسٹم کی بحالی اور سکیورٹی خامیوں پر قابو پانے کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔

یہ سائبر حملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں سندھ کی انتظامی تقسیم اور نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سیاسی بحث جاری ہے۔ تاہم، اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والے گروپ کے دعووں اور 163 گیگا بائٹس ڈیٹا حذف ہونے کی تصدیق تاحال اے آر وائی نیوز کی جانب سے نہیں کی گئی۔

اے آر وائی نیوز کی انتظامیہ نے تاحال سائبر حملے کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں