خلا میں پاکستان کی نئی تاریخ، محمد ذیشان علی چینی خلائی اسٹیشن پہنچ گئے

تیانگ گونگ(ویب ڈیسک) پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی چین کے انسان بردار خلائی مشن شینژو 24 کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ ان کی خلا میں آمد پاکستان کے انسانی خلائی تحقیق کے سفر میں ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔

شینژو 24 خلائی جہاز لانچ کے تقریباً ساڑھے تین گھنٹے بعد کامیابی سے تیانگونگ خلائی اسٹیشن کے ساتھ منسلک ہوا۔ مشن میں چینی خلا باز تانگ ہونگ بو، وو یی اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی شامل ہیں۔

محمد ذیشان علی چین کے خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے پاکستانی اور چین کے انسانی خلائی پروگرام کے تحت مشترکہ مشن میں حصہ لینے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہیں۔ وہ خلائی اسٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ قیام کے دوران پاکستان کے منتخب کردہ سائنسی تجربات انجام دیں گے۔

300 سے زائد تحقیقی تجاویز میں سے چار تجربات منتخب

پاکستان کی خلائی ایجنسی سپارکو کو ملکی جامعات اور تحقیقی اداروں کی جانب سے 300 سے زائد سائنسی تجربات کی تجاویز موصول ہوئی تھیں، جن میں سے چار تجربات چینی ماہرین نے شینژو 24 مشن کے لیے منتخب کیے۔

یہ تجربات بایوٹیکنالوجی اور حیاتیاتی علوم سے متعلق ہیں، جن کا مقصد غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور مستقبل کی خلائی تحقیق کے حوالے سے نئی معلومات حاصل کرنا ہے۔

محمد ذیشان علی اس مشن کے دوران مختلف سائنسی تجربات اور نئی ٹیکنالوجیز کی آزمائش میں حصہ لیں گے۔

سات ماہ کی خصوصی تربیت

40 سالہ محمد ذیشان علی پاکستان ایئر فورس کے پائلٹ ہیں۔ انہیں خلائی مشن کے لیے منتخب کیے جانے کے بعد چین میں تقریباً سات ماہ کی خصوصی تربیت دی گئی، جس میں خلائی جہاز کے نظام، صفر کششِ ثقل، جسمانی دباؤ، ہنگامی حالات سے نمٹنے اور چینی زبان کی تربیت شامل تھی۔

ان کی تربیت میں سینٹری فیوج، سمولیٹر، ریسکیو اور سروائیول مشقیں بھی شامل تھیں۔ محمد ذیشان علی کے مطابق تربیت کے دوران چینی زبان میں تکنیکی اصطلاحات اور خلائی جہاز کے نظام کو سمجھنا سب سے بڑا چیلنج تھا۔

پاکستان کے لیے تاریخی لمحہ

وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستانی خلا باز کی کامیابی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ستاروں سے آگے سفر شروع ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک خلا باز کا سفر نہیں بلکہ پاکستانی قوم کے عزم، نوجوان نسل، سائنس دانوں اور خوابوں کی نمائندگی کرتا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھی محمد ذیشان علی کی خلا میں روانگی کو قوم کے لیے ایک تاریخی اور جذباتی لمحہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی خلا باز اپنے ساتھ 26 کروڑ عوام کے خواب لے کر خلا میں گئے ہیں۔

چین کی سائنس اور سفارت کاری

چین کی جانب سے پہلی بار کسی غیر ملکی خلا باز کو اپنے خلائی اسٹیشن پر بھیجنا سائنسی تحقیق کے ساتھ سفارتی اہمیت بھی رکھتا ہے۔ بیجنگ اس اقدام کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن کو بین الاقوامی تحقیق کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر متعارف کرانے اور اپنے خلائی پروگرام میں عالمی شراکت داری بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تعاون کئی برسوں سے جاری ہے، جس میں پاکستانی سیٹلائٹس کی خلا میں روانگی اور مستقبل میں چینی قمری مشن کے ذریعے پاکستان کا تیار کردہ روور چاند پر بھیجنے کے منصوبے شامل ہیں۔

چین نے 2022 میں تیانگونگ خلائی اسٹیشن کی تعمیر مکمل کی تھی، جبکہ 2030 تک اپنے خلا بازوں کو چاند پر اتارنے کا ہدف رکھتا ہے۔

محمد ذیشان علی کی اس مشن میں شرکت پاکستان کے خلائی تحقیق کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کی نئی راہیں کھولنے اور نوجوانوں کو سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کی جانب راغب کرنے کی امید ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں