COP31 موسمیاتی کانفرنس بغیر کسی جامع معاہدے کے ختم، یورپی یونین اور برطانیہ نے مجوزہ معاہدہ مسترد کردیا

انطالیہ (دی انڈس ٹربیون) ترکی میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی سے متعلق 31ویں عالمی کانفرنس (COP31) کسی جامع معاہدے پر اتفاق رائے کے بغیر اختتام پذیر ہوگئی۔ یورپی یونین، برطانیہ اور متعدد ترقی پذیر ممالک نے مجوزہ معاہدے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا، کیونکہ اس میں موسمیاتی تبدیلی کی بنیادی وجہ سمجھے جانے والے کوئلے، تیل اور گیس جیسے فوسل فیول کا ذکر تک نہیں کیا گیا تھا۔

ترکی کے شہر انطالیہ میں تقریباً 200 ممالک کے نمائندوں کی شرکت سے ہونے والی کانفرنس جمعے کو ختم ہونا تھی، تاہم شدید اختلافات کے باعث مذاکرات اتوار کی دوپہر تک جاری رہے۔ اس طرح یہ اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی سے متعلق طویل ترین کانفرنس بن گئی۔

ترکی اور آسٹریلیا کی مشترکہ صدارت میں تیار کیے گئے مجوزہ معاہدے کو ’انطالیہ پیکٹ‘ کا نام دیا گیا تھا، جس میں ممالک کو اپنی معیشتوں میں بجلی کے استعمال کو فروغ دینے، ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے غریب ممالک کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے اور عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو پیرس معاہدے کے تحت مقرر کردہ 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد کے قریب رکھنے کی کوششوں پر زور دیا گیا تھا۔

تاہم اس معاہدے میں فوسل فیول سے بتدریج دوری اختیار کرنے کا واضح وعدہ شامل نہیں کیا گیا، حالانکہ 130 سے زائد ممالک اس مطالبے کی حمایت کر رہے تھے۔

مجوزہ معاہدے میں کاربن کیپچر اینڈ اسٹوریج (CCS) ٹیکنالوجی سے متعلق متنازع شقیں بھی شامل تھیں، جن کے بارے میں ناقدین کا مؤقف ہے کہ ان کے ذریعے فوسل فیول کے استعمال کو مزید جاری رکھنے کا جواز فراہم کیا جاسکتا ہے۔

یورپی یونین اور برطانیہ کا معاہدہ قبول کرنے سے انکار

یورپی یونین کی نمائندگی کرتے ہوئے آئرلینڈ کے وزیر ماحولیات ڈارا اوبرائن نے کانفرنس میں اعلان کیا کہ یورپی ممالک موجودہ شکل میں مجوزہ معاہدے کو قبول نہیں کرسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجوزہ معاہدہ موجودہ موسمیاتی بحران کی سنگینی سے مطابقت نہیں رکھتا اور عالمی وعدوں اور عملی اقدامات کے درمیان فاصلے کو مزید بڑھانے کا سبب بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین ایسے معاہدے کی توثیق نہیں کرے گی جس میں موسمیاتی تبدیلی کے بنیادی محرک فوسل فیول کا ذکر تک موجود نہ ہو۔

اوبرائن کے مطابق یورپی یونین کسی ایسے فیصلے کی حمایت نہیں کرسکتی جو فوسل فیول کے استعمال کو ماحول دوست ظاہر کرنے کی کوشش کرے۔

ان کے بیان پر کانفرنس ہال میں موجود متعدد مندوبین نے تالیاں بجائیں، جبکہ بعد میں پاناما، مارشل آئی لینڈز اور ناروے نے بھی اسی نوعیت کے اعتراضات اٹھائے۔

برطانیہ اور متعدد ترقی پذیر ممالک، خصوصاً چھوٹے جزیرہ نما ممالک اور دنیا کے غریب ترین ممالک نے بھی مجوزہ معاہدے کی مخالفت کی۔

پاکستان اور چین نے مجوزہ معاہدے کی مخالفت نہیں کی

کانفرنس میں پاکستان، چین اور افریقی ممالک کے گروپ نے بعض تحفظات کے باوجود مجوزہ معاہدے کی مخالفت نہیں کی۔

پاکستانی وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر معاہدے کی چند شقیں بعض ممالک کے لیے قابل اعتراض ہیں تو اس بنیاد پر باقی تمام مثبت اقدامات کو قربان نہیں کیا جانا چاہیے۔

پاکستان کی جانب سے کہا گیا کہ ’موسمیاتی اقدامات کوئی ایسا مینو نہیں جس میں سے ہم صرف اپنی پسند کی چیزیں منتخب کریں۔‘

سعودی عرب نے بھی مجوزہ معاہدے میں کاربن کیپچر اینڈ اسٹوریج ٹیکنالوجی سے متعلق شقیں شامل کرنے کے فیصلے کا دفاع کیا۔

گھانا نے مذاکراتی عمل پر تنقید کی، تاہم حتمی مسودے کو مسترد نہیں کیا۔ گھانا کے نمائندے کا کہنا تھا کہ افریقہ نے ہمیشہ کثیرالجہتی تعاون کو مضبوط بنانے کا راستہ اختیار کیا ہے، نہ کہ اس سے دستبردار ہونے کا۔

اتفاق رائے نہ ہونے پر انطالیہ پیکٹ منظور نہ ہوسکا

کانفرنس کے صدر اور ترکی کے وزیر مراد کوروم نے تسلیم کیا کہ مجوزہ معاہدے پر اتفاق رائے پیدا نہیں ہوسکا، اس لیے اسے منظور نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ صدارت نے اتفاق رائے پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی، لیکن کسی ملک پر معاہدہ مسلط نہیں کیا گیا اور نہ ہی کسی کو اسے قبول کرنے یا مسترد کرنے کا الٹی میٹم دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کانفرنس میں متعدد ممالک نے مسودے کی مخالفت کی اور اتفاق رائے کی عدم موجودگی میں اسے منظور کرنا ممکن نہیں تھا۔

اگرچہ مرکزی معاہدہ منظور نہیں ہوسکا، تاہم کانفرنس میں بعض دیگر معاملات پر فیصلے کیے گئے، جن میں زیادہ کاربن خارج کرنے والی صنعتوں کے کارکنوں کو ماحول دوست معیشت کی طرف منتقل کرنے کے لیے ’منصفانہ منتقلی‘ کے اقدامات بھی شامل ہیں۔

آسٹریلیا کے وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور کانفرنس کے شریک صدر کرس بوون نے مذاکرات میں اپنی قیادت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا نے معاہدے کے لیے ہر ممکن کوشش کی، تاہم ممالک کے درمیان اختلافات اتنے گہرے تھے کہ انہیں ختم نہیں کیا جاسکا۔

ترقی یافتہ ممالک پر موسمیاتی ذمہ داریوں سے فرار کا الزام

موسمیاتی تبدیلی پر کام کرنے والے ادارے کلائمیٹ اینالیٹکس کے سربراہ بل ہیئر نے معاہدے کی مخالفت کو اہم پیش رفت قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ متعدد ممالک فوسل فیول سے وابستہ مفادات کے سامنے کھڑے ہوکر واضح طور پر انکار کر رہے ہیں۔

دوسری جانب افریقی تھنک ٹینک پاور شفٹ افریقہ کے ڈائریکٹر محمد ادو نے کانفرنس کو بدترین موسمیاتی کانفرنس قرار دیتے ہوئے یورپی ممالک کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین محض مجوزہ معاہدے کو مسترد کرکے اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ نہیں ہوسکتی، کیونکہ موجودہ صورتحال پیدا کرنے میں اس کا بھی کردار رہا ہے۔

محمد ادو کے مطابق دنیا کے غریب ممالک فصلوں کی تباہی، گھروں کی بربادی اور بڑھتے ہوئے قرضوں کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن موسمیاتی بحران کے سب سے زیادہ ذمہ دار امیر ممالک انہیں مطلوبہ تعاون فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

انہوں نے یورپی حکومتوں پر دوہرے معیار کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوسرے ممالک سے فوسل فیول کے خاتمے کے منصوبے طلب کرتی ہیں، جبکہ خود تیل اور گیس کے منصوبوں میں توسیع کر رہی ہیں۔

موسمیاتی بحران شدت اختیار کر رہا ہے، عالمی مذاکرات سست روی کا شکار

کانفرنس ایسے وقت میں منعقد ہوئی جب دنیا کے مختلف خطوں میں شدید گرمی، خشک سالی، سیلاب اور دیگر موسمیاتی آفات کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات سامنے آئے ہیں۔

رواں سال شدید گرمی کی لہروں، نیپال میں گلیشیئر کے ٹوٹنے جیسے واقعات اور طاقتور ال نینو کے اثرات سے شدت اختیار کرنے والی خشک سالی اور سیلابوں میں ہزاروں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

آئرلینڈ کی سابق صدر اور اقوام متحدہ کی سابق موسمیاتی نمائندہ میری رابنسن نے مذاکرات کی سست رفتاری پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی رہنماؤں میں موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے درکار سنجیدگی اور فوری اقدامات کا احساس دکھائی نہیں دے رہا۔

انہوں نے کانفرنس کی مشترکہ صدارت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے مطلوبہ قیادت فراہم نہیں کی گئی۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا اظہارِ مایوسی

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے COP31 کے کسی جامع معاہدے کے بغیر اختتام پر شدید مایوسی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام لوگوں کی مایوسی میں شریک ہیں جو توقع کر رہے تھے کہ عالمی حکومتیں موسمیاتی بحران کی سنگینی کے مطابق فیصلے کریں گی۔

انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں اتفاق رائے پیدا نہ ہونا ایک دھچکا ضرور ہے، لیکن اس سے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق سائنسی حقائق تبدیل نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ ’مذاکرات کے کمرے میں اتفاق رائے نہ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ سائنس میں بھی کوئی ابہام موجود ہے۔‘

اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی کے ادارے کے ایگزیکٹو سیکریٹری سائمن اسٹیل نے بھی تسلیم کیا کہ کانفرنس توقعات پر پوری نہیں اتر سکی، تاہم ان کے مطابق متعدد دوسرے معاملات پر حقیقی پیش رفت اور ٹھوس نتائج حاصل ہوئے ہیں۔

ماہرین کے مطابق مرکزی معاہدے پر اتفاق رائے نہ ہونا عالمی موسمیاتی تعاون کے لیے ایک اہم دھچکا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب ترقی پذیر ممالک موسمیاتی آفات کے بڑھتے ہوئے خطرات اور ان سے نمٹنے کے لیے مالی وسائل کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں