اسلام آباد (دی انڈس ٹربیون) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سینیٹ کے سابق چیئرمین میاں رضا ربانی نے نئے صوبوں کے قیام اور صوبائی حدود میں تبدیلی کے لیے ریفرنڈم سے متعلق وفاقی وزرا کے بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریفرنڈم کسی بھی صوبے کی جغرافیائی حدود میں تبدیلی کے لیے آئین میں طے شدہ طریقہ کار کا متبادل نہیں ہوسکتا۔
میاں رضا ربانی نے ریفرنڈم کے معاملے پر وفاقی وزرا کے ایک مخصوص گروہ کے رویے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 239(4) کے تحت کسی صوبے کی علاقائی حدود میں تبدیلی کے لیے واضح آئینی طریقہ کار موجود ہے، جسے ریفرنڈم کے ذریعے نہ تو تبدیل کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی غیر مؤثر بنایا جاسکتا ہے۔
سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کسی صوبے کی حدود میں تبدیلی کے معاملے پر آئین نے متعلقہ صوبائی اسمبلی کو فیصلہ کن کردار دیا ہے، اس لیے ریفرنڈم کو صوبائی اسمبلی کے آئینی اختیارات کا متبادل قرار دینا درست نہیں۔
انہوں نے ریفرنڈم کے نتائج کی عدالتی توثیق سے متعلق مؤقف پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کا بیانیہ پارلیمان کی بالادستی اور صوبائی اسمبلیوں کے آئینی اختیارات کو محدود کرنے کے مترادف ہے۔
رضا ربانی کا کہنا تھا کہ کوئی بھی عدالت آئین میں ایسی تشریح شامل نہیں کرسکتی جو پہلے سے اس میں موجود نہ ہو، اور نہ ہی عدالت کو آئین ازسرنو تحریر کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کوئی عدالت آئین میں غیر موجود تشریح شامل کرتی ہے یا آئین کو نئے سرے سے لکھنے کی کوشش کرتی ہے تو یہ نہ صرف پارلیمان کی خودمختاری کو مجروح کرنے کے مترادف ہوگا بلکہ پاکستان کے آئینی نظام کے بنیادی اصول، جسے قانونی اصطلاح میں Grundnorm کہا جاتا ہے، میں تبدیلی کے بھی مترادف ہوگا۔
سابق چیئرمین سینیٹ نے سوال اٹھایا کہ کیا پاکستان کا موجودہ نظام آئین سے اس قدر سنگین انحراف کا متحمل ہوسکتا ہے؟
واضح رہے کہ ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق حالیہ سیاسی بحث کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ریفرنڈم کو عوامی رائے معلوم کرنے کا قانونی اور آئینی طریقہ قرار دیا تھا، جبکہ سندھ کی سیاسی اور قوم پرست جماعتیں صوبے کی تقسیم کی تجاویز کی مخالفت کررہی ہیں۔
آئینی پس منظر: پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 239(4) کے مطابق کسی صوبے کی حدود میں تبدیلی سے متعلق آئینی ترمیم صدر کو منظوری کے لیے اس وقت تک پیش نہیں کی جاسکتی جب تک متعلقہ صوبائی اسمبلی اسے اپنی کل رکنیت کی کم از کم دو تہائی اکثریت سے منظور نہ کرلے۔