سندھ کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں، ریفرنڈم کی تجویز مسترد، کراچی میں ہزاروں قوم پرست کارکنوں کا ’وحدت سندھ مارچ‘

کراچی (دی انڈس ٹربیون) سندھ کی تقسیم اور نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق سیاسی بیانات کے خلاف جئے سندھ رہبر کمیٹی کے زیرِ اہتمام اتوار کو کراچی میں ہزاروں قوم پرست کارکنوں نے ’وحدت سندھ مارچ‘ کیا۔ مارچ کے شرکا نے سندھ کی تقسیم اور اس معاملے پر ریفرنڈم کی تجویز کو یکسر مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر سندھ کی وحدت کے خلاف اقدامات کیے گئے تو احتجاجی تحریک میں شدت لائی جائے گی۔

سندھ کی علیحدگی پسند قوم پرست جماعتوں پر مشتمل اتحاد جئے سندھ رہبر کمیٹی کی کال پر گلشن حدید سے شروع ہونے والا مارچ کراچی کے مختلف علاقوں سے گزرتا ہوا اواری ہوٹل کے قریب پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

مارچ میں کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع سے ہزاروں کارکنوں، خواتین، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور وکلاء نے شرکت کی۔ شرکا نے جئے سندھ کے سرخ پرچم اٹھا رکھے تھے، جبکہ گلشن حدید سے صدر تک مارچ کے راستے میں سرخ پرچم لہراتے نظر آئے۔

مارچ کی قیادت جئے سندھ رہبر کمیٹی کے سربراہ ریاض چانڈیو، ڈاکٹر نیاز کالانی اور دیگر قوم پرست رہنماؤں نے کی۔

یہ احتجاج ایسے وقت میں کیا گیا جب وفاقی وزرا اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق بیانات کے بعد ملک میں صوبائی حدود کی ازسرنو تشکیل پر سیاسی بحث شدت اختیار کر گئی ہے۔

مارچ سے خطاب کرتے ہوئے جئے سندھ رہبر کمیٹی کے سربراہ ریاض چانڈیو نے کہا کہ سندھ ایک تاریخی وطن ہے جس کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی، جبکہ سندھ کی وحدت کے معاملے پر ریفرنڈم کی تجویز بھی ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے باشعور عوام نے آج پرامن مارچ کرکے سندھ کی وحدت کے حق میں اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔

ریاض چانڈیو کے مطابق گزشتہ چار ماہ سے سندھ کی تقسیم کے خلاف تحریک جاری ہے، اس دوران قوم پرست کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، ان پر لاٹھی چارج کیا گیا اور احتجاجی سرگرمیوں میں رکاوٹیں ڈالی گئیں، لیکن تمام تر دباؤ کے باوجود تحریک جاری رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی تقسیم کا فیصلہ کرنے کا حق کسی دوسرے کو حاصل نہیں، سندھ کے عوام اپنی سرزمین کی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

ریاض چانڈیو نے دعویٰ کیا کہ سندھ کی تقسیم کے خلاف تحریک کامیاب ہو چکی ہے اور صوبے کی وحدت کے تحفظ کے لیے پرامن جدوجہد کی مضبوط بنیاد قائم ہو گئی ہے۔

تاہم انہوں نے وفاقی حکومت اور سندھ کی تقسیم کی حمایت کرنے والی سیاسی قوتوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر سندھ کی تقسیم کی باتیں بند نہ کی گئیں تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے شاہراہیں، ریلوے لائنیں اور مواصلاتی نظام بند کر دیا جائے گا۔

’سندھ اردو اور سندھی بولنے والوں کا مشترکہ وطن ہے‘

ریاض چانڈیو نے اپنے خطاب میں متحدہ قومی موومنٹ کے بانی الطاف حسین، آفاق احمد سمیت اردو بولنے والے صحافیوں اور دانشوروں کی جانب سے سندھ کی تقسیم کی مخالفت پر مبنی بیانات کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ وقت گزر چکا جب سندھ کے مستقل باشندوں کو زبان اور قومیت کی بنیاد پر ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کیا جاتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ اردو اور سندھی بولنے والے باشندوں کا مشترکہ وطن ہے اور اس کی وحدت کا تحفظ تمام مستقل باشندوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

’سندھ کی آواز دبائی گئی تو ملک کا وجود خطرے میں پڑ جائے گا‘

مارچ سے خطاب کرتے ہوئے قوم پرست رہنما ڈاکٹر نیاز کالانی نے کہا کہ آج کراچی میں لاکھوں افراد نے، ان کے بقول، سندھ کی تقسیم کے خلاف اپنا تاریخی فیصلہ سنا دیا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر سندھ کے عوام کی پرامن آواز کو طاقت کے ذریعے دبانے کی کوشش کی گئی اور حکمران صوبے کی تقسیم پر بضد رہے تو ملک کا وجود خطرے میں پڑ سکتا ہے۔

ڈاکٹر نیاز کالانی نے کہا کہ سندھ کے عوام اپنی تاریخی سرزمین اور قومی شناخت کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔

قوم پرست رہنماؤں نے حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جتنا دباؤ ڈالا جائے گا، تحریک اتنی ہی مضبوط ہوگی۔ ان کے مطابق مسلسل جبر اور طاقت کے استعمال سے عوام میں بغاوت کے جذبات جنم لے سکتے ہیں۔

مارچ میں وکلاء اور سول سوسائٹی کی شرکت

جئے سندھ رہبر کمیٹی کے احتجاجی مارچ میں قوم پرست کارکنوں کے علاوہ کراچی کے وکلاء رہنماؤں عامر نواز وڑائچ، حسیب جمالی اور ارشد شر سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

مارچ کے دوران شرکا سندھ کی وحدت کے حق میں اور صوبے کی تقسیم کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔

قوم پرست رہنماؤں نے واضح کیا کہ سندھ کی جغرافیائی وحدت، تاریخی شناخت اور سیاسی حقوق کے تحفظ کے لیے شروع کی گئی تحریک جاری رہے گی اور صوبے کی تقسیم کی کسی بھی تجویز کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں