خسرے سے سیکڑوں بچوں کی اموات، خناق اور کالی کھانسی کے کیسز میں اضافہ، صحت الرٹ جاری

اسلام آباد (دی انڈس ٹربیون) ملک بھر میں خناق، کالی کھانسی، خسرہ اور موسمی انفلوئنزا کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر قومی ادارہ صحت (NIH) نے متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ سے متعلق دو الگ الگ ہنگامی ایڈوائزریز جاری کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی محکمہ صحت کو حفاظتی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

حکام کے مطابق اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال میں خناق کے متعدد مریض زیر علاج ہیں، جبکہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی میں کالی کھانسی کے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ملک بھر میں خسرے کے باعث سیکڑوں بچوں کی اموات کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس پر طبی ماہرین نے بچوں میں حفاظتی ٹیکوں کی ناکافی شرح اور ویکسینیشن پروگرام کی کارکردگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق بچوں کی اموات ویکسینیشن کے نظام میں موجود سنگین خامیوں کی نشاندہی کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وفاقی ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن (FDI) اور صوبائی توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (EPI) بچوں کو مکمل حفاظتی ٹیکے لگوانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

ماہرین امراض اطفال اور متعدی بیماریوں کے ماہرین نے کہا ہے کہ بچوں کی ویکسینیشن کے لیے کام کرنے والے سرکاری ادارے اور بین الاقوامی امدادی تنظیمیں بھی والدین کو حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت سے مؤثر انداز میں آگاہ نہیں کر سکیں، جبکہ سوشل میڈیا پر ویکسین کے خلاف جاری گمراہ کن مہمات کی روک تھام بھی نہیں کی جا سکی۔

قومی ادارہ صحت کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (CDC) کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں معمول کی ویکسینیشن کی ناکافی شرح، آبادی کی نقل و حرکت، بچوں کی حفاظتی ٹیکوں کی خوراکیں رہ جانا، ویکسین کو مطلوبہ درجہ حرارت پر محفوظ رکھنے کے نظام میں خامیاں، بیماریوں کی تشخیص میں تاخیر اور اسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول کے ناقص انتظامات کو بیماریوں کے پھیلاؤ کے اہم عوامل قرار دیا گیا ہے۔

ایڈوائزری میں طبی عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ خسرہ، خناق، کالی کھانسی اور تشنج کی علامات ظاہر ہونے پر مریضوں کا فوری معائنہ اور ضروری تشخیصی ٹیسٹ کیے جائیں۔

قومی ادارہ صحت کے مطابق خسرے کی تشخیص کے لیے خون کے نمونوں کو منتقلی کے دوران 2 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ پر محفوظ رکھنا ضروری ہے، جبکہ خناق کی تشخیص کے لیے گلے یا ناک سے حاصل کردہ نمونے مخصوص ٹرانسپورٹ میڈیم میں رکھے جائیں۔ کالی کھانسی کی تشخیص کے لیے ناک اور حلق کے اندرونی حصے سے نمونے حاصل کیے جائیں گے، جبکہ تشنج کی تشخیص بنیادی طور پر مریض کی علامات کی بنیاد پر کی جاتی ہے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ خسرے کے مریضوں کو معاون طبی نگہداشت اور وٹامن اے فراہم کیا جائے، کالی کھانسی کے مریضوں کو بیماری کے ابتدائی مرحلے میں مناسب اینٹی بائیوٹکس دی جائیں، جبکہ ضرورت کے مطابق قریبی رابطے میں رہنے والے افراد کو بھی احتیاطی علاج فراہم کیا جائے۔

خناق کے مریضوں کو فوری طور پر اینٹی ٹاکسن اور اینٹی بائیوٹکس دینے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ تشنج کے مریضوں کو فوری اسپتال منتقل کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔ قومی ادارہ صحت نے واضح کیا ہے کہ تشنج سے صحت یاب ہونے کے باوجود مستقبل میں اس بیماری سے قابل اعتماد مدافعت پیدا نہیں ہوتی، اس لیے ویکسینیشن ضروری ہے۔

اسپتالوں کو وٹامن اے، ضروری اینٹی بائیوٹکس اور خناق کے اینٹی ٹاکسن کا مناسب ذخیرہ یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

قومی ادارہ صحت نے حفاظتی ٹیکوں کے توسیعی پروگرام کے تحت ویکسینیشن کا تسلسل برقرار رکھنے، حفاظتی ٹیکوں سے محروم بچوں کی نشاندہی، رہ جانے والی خوراکوں کی تکمیل اور ضرورت کے مطابق خصوصی ویکسینیشن مہمات چلانے پر زور دیا ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق مشتبہ مریضوں کی اطلاع فوری طور پر ضلعی بیماریوں کی نگرانی اور ردعمل کے یونٹس کو دی جائے اور ان کا اندراج ڈسٹرکٹ ہیلتھ انفارمیشن سسٹم میں کیا جائے۔ کسی بھی علاقے میں بیماری کے متعدد کیسز سامنے آنے یا وبا پھیلنے کے خدشے کی فوری اطلاع دینا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ملک بھر میں موسمی انفلوئنزا کے کیسز میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

متعدی بیماریوں کے ایک ماہر نے خبردار کیا ہے کہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کی انفلوئنزا ویکسین دستیاب نہ ہونے کے باعث بڑی تعداد میں شہری بیماری سے غیر محفوظ ہیں اور انفیکشن کا شکار ہو رہے ہیں۔

قومی ادارہ صحت نے 2026-27 کے موسمی انفلوئنزا سے متعلق اپنی دوسری ایڈوائزری میں خبردار کیا ہے کہ انفلوئنزا اے (H3N2) اور دیگر موسمی وائرس عام طور پر ہلکی بیماری کا سبب بنتے ہیں، تاہم بعض افراد میں یہ شدید اور جان لیوا پیچیدگیاں پیدا کر سکتے ہیں۔

ادارے کے مطابق 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد، پانچ سال سے کم عمر بچے، حاملہ خواتین، موٹاپے کا شکار افراد، کمزور مدافعتی نظام رکھنے والے مریض اور ذیابیطس، دل یا سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد زیادہ خطرے سے دوچار ہیں۔

قومی ادارہ صحت کے بیماریوں کی نگرانی کے نظام کے مطابق پاکستان میں سال کے 41ویں ہفتے کے دوران انفلوئنزا جیسی بیماری کی علامات والے 47 ہزار 417 مشتبہ کیسز جبکہ سانس کے شدید انفیکشن کے ایک ہزار 805 مشتبہ کیسز رپورٹ کیے گئے۔

قومی ادارہ صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ فلو کی علامات ظاہر ہونے پر گھر میں رہیں، کھانستے یا چھینکتے وقت منہ اور ناک ڈھانپیں، ہاتھ باقاعدگی سے دھوئیں اور زیادہ خطرے سے دوچار افراد سے قریبی رابطے سے گریز کریں۔

ادارے نے تمام صوبائی اور علاقائی محکمہ صحت اور اسپتالوں کو دونوں ایڈوائزریز فوری طور پر متعلقہ اداروں تک پہنچانے اور بیماریوں کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات کی رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں