’
بیجنگ(ویب ڈیسک) چین کا انسان بردار خلائی مشن شینژو 24 کامیابی سے تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے منسلک ہوگیا، جس کے بعد پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی سمیت تین رکنی عملہ خلائی اسٹیشن میں داخل ہوگیا۔
شینژو 24 بدھ کے روز چین کے جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوا اور پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 56 منٹ پر تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے منسلک ہوگیا۔ خلائی جہاز نے زمین سے روانگی کے تقریباً ساڑھے تین گھنٹے بعد اپنی منزل تک پہنچنے کا سفر مکمل کیا۔
خلائی اسٹیشن پہنچنے پر پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی نے اپنے چینی ساتھیوں کو شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کا مشہور شعر ’ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہے‘ سنایا اور اس کا چینی زبان میں ترجمہ بھی کیا، جس پر چینی خلا بازوں نے تالیاں بجا کر انہیں داد دی۔
شینژو 24 مشن میں تین خلا باز شامل ہیں، جن میں کمانڈر تانگ ہونگ بو، فلائٹ انجینیئر وو یی اور پاکستانی پے لوڈ اسپیشلسٹ محمد ذیشان علی شامل ہیں۔
تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پہلے سے موجود شینژو 23 مشن کے خلا بازوں نے نئے آنے والے ساتھیوں کا استقبال کیا۔
چینی خلائی اسٹیشن کے ایکس اکاؤنٹ پر جاری تصاویر کے ساتھ اس پیش رفت کو چین اور پاکستان کے درمیان بین الاقوامی خلائی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز قرار دیا گیا ہے۔
یوں علامہ اقبال کا پیغام ’ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہے‘ زمین سے ہزاروں میل دور خلا میں بھی گونج اٹھا، جہاں پاکستانی خلاباز نے اردو شاعری کے ذریعے اپنے ملک کی ثقافت اور ادبی ورثے کو اپنے چینی ساتھیوں سے متعارف کرایا۔