سندھی زبان کی ڈیجیٹل ترقی، سندھ سلامت اور اتھارٹی میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

حیدرآباد(انڈس ٹربیون) سندھی زبان کے بااختیار ادارے (سندھی لینگویج اتھارٹی) اور ’سندھ سلامت سَتھ‘ کے درمیان ایک مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس کے بعد دونوں اداروں کے مابین مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔

اجلاس اتھارٹی کے اسٹوڈیو میں ہوا، جس کی صدارت چیئرمین سندھی زبان اتھارٹی ڈاکٹر شیر مہرانی نے کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر شیر مہرانی کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کے دور میں سندھی زبان کو درپیش چیلنجز اور مسائل سے نمٹنے کے لیے ادارہ ہر ممکن اقدامات کرے گا۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل دنیا میں سندھی زبان کے درست اور مؤثر استعمال کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

سندھ سلامت سَتھ کے سربراہ سلیمان وساڻ نے کہا کہ سندھ سلامت کے پلیٹ فارم کا بنیادی مقصد سندھی زبان کی خدمت ہے اور اس سلسلے میں سندھی زبان اتھارٹی کے ساتھ ہر ممکن تکنیکی تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ موبائل ایپس اور ونڈوز پلیٹ فارم پر سندھی زبان سے متعلق مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔

اجلاس میں رشید سموں نے اتھارٹی کے انفارمیٹکس شعبے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارے کی ویب سائٹ اور موبائل ایپس میں بہتری اور جدت کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر مہران یونیورسٹی کے سابق پرو وائس چانسلر اور علی ٹیک سلوشنز کے سربراہ سید فرمان علی شاہ نے بھی اتھارٹی کو غیر مشروط تکنیکی تعاون کی پیشکش کی۔

اجلاس کے بعد طے پانے والے معاہدے کے مطابق ’سندھ سلامت‘ سندھی زبان سے متعلق مختلف منصوبوں کے لیے تکنیکی مدد فراہم کرے گا، جبکہ سندھی زبان اتھارٹی نئے پروگرام متعارف کرانے اور انٹرنیٹ پر سندھی زبان کے درست استعمال کے لیے تیار کی جانے والی ایپلی کیشنز کی مالی معاونت کرے گی۔

معاہدے کے تحت جن منصوبوں پر مشترکہ طور پر کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ان میں مائیکروسافٹ ونڈوز میں درست سندھی کی بورڈ لے آؤٹ کی شمولیت، گوگل اور فائر فاکس کے موجودہ ایڈآنز میں ترمیم، لغات اور انسائیکلوپیڈیا سندھانا کے ڈیٹا بیس پر مشتمل چیٹ بوٹ کی تیاری، انسائیکلوپیڈیا سندھانا کی ویب سائٹ پر اغلاط کی درستگی، کمپوزنگ کے دوران خودکار املا اصلاح، اینڈرائیڈ کی بورڈ میں خامیوں کا ازالہ، نیا یونیکوڈ بیسڈ ’سندھیلا 2.0‘ فونٹ تیار کرنا اور سندھی لغات کی اینڈرائیڈ ایپ کو اپڈیٹ کرنا شامل ہیں۔

اس کے علاوہ منتخب لغات میں الفاظ کے تلفظ شامل کرنے، سندھ سلامت کتاب گھر اور سندھی زبان اتھارٹی کی ویب سائٹس پر ایک دوسرے کے لوگوز اور روابط فراہم کرنے، اور سندھ سلامت کی ویب ایکسٹینشن کو دوبارہ فعال اور اپڈیٹ کرنے جیسے اقدامات بھی معاہدے کا حصہ ہیں۔

معاہدے کے بعد سندھ سلامت کی ویب سائٹ پر کسی بھی لفظ پر کلک کرنے سے سندھی زبان اتھارٹی کی لغات سے اس لفظ کے معنی خودکار طور پر دستیاب ہوں گے، جبکہ ایس ایس ریڈ ایکسٹینشن کی اپڈیٹ کے ذریعے نئی انسٹالیشن کے بعد سندھی فونٹس خود بخود نظر آئیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں